• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ان کا نظریہ ہے نہ منشور، تیر سے شیر کا شکار کریں گے، بلاول

شہدادپور، سانگھڑ (نامہ نگاران ، نیوز ایجنسی ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پنجاب میں مسلم لیگ (ن) اور سندھ میں ستارے کے نشان پر الیکشن لڑنے والے سیاسی یتیموں کے ٹولے کا نہ کوئی نظریہ ہے اور نہ ہی منشور، یہ الیکشن میں کامیابی کے لیے کسی اور جانب دیکھ رہے ہیں، لیکن وہ دور اب ماضی بن چکا ہے۔ پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کو این اے127سے جتوا کر ایم این اے بنائیں اور پھروزیراعظم بھی بنوائیں گے، ہم ورکرز کی خواہش پر چلتے ہیں،ہمارے ورکرز کو یقین ہوتا ہے کہ ہمارا لیڈر نہیں جھکے گا۔وہ پی پی 161سے پیپلز پارٹی کے امیدوار فیصل میر کے انتخابی دفتر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے خطاب میں کہا کہ الیکشن میں اب مقابلہ صرف تیر اور شیر کے درمیان ہے، لیکن میدان میں صرف جیالے موجود ہیں۔ شیر بلی بن کر گھر چھپ کر بیٹھا ہوا ہے، گھر میں چھپ کر بول رہا ہے کہ اس کیلئے شکار کوئی اور کرے، میرے مخالف کے خلاف بندوبست کوئی اور کرے۔ سانگھڑ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے عوام کو مخاطب کیا کہ وہ پاکستان پیپلز پارٹی کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرائیں، تاکہ وہ بطور وزیراعظم سانگھڑ سمیت پورے پاکستان کے لوگوں کی فلاح و بھبود کے لیے زیادہ سے زیادہ اقدام کر سکیں۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ ان کی قیادت میں مرکز میں قائم ہونے والی عوامی حکومت تنخواہوں میں دگنا اضافہ، غریب خاندانوں کو شمسی توانائی کے ذریعے حاصل کی جانے والی بجلی کے 300یونٹ ماہانہ مفت فراہمی، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں اضافہ، غریب خواتین کے لیے بلاسود قرض کی فراہمی، بے گھر خاندانوں کے لیے 30 لاکھ گھروں کی تعمیر اور ان خاندانوں کی خواتین کو زمین کے مالکانہ حقوق، ہاریوں کے لیے بینظیر کسان کارڈ، مزدوروں کے لیے بینظیر مزدور کارڈ، نوجوانوں کے لیے بینظیر یوتھ کارڈ کا اجراء، ضلعی سطح پر یوتھ سینٹرز کا قیام اور بھوک مٹاوَ پروگرام شروع کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ شیر ہے جو عوام کا، غریبوں کا، کسانوں کا، اور مزدوروں کا خون چوستا ہے۔ یہ وہ شیر ہے، جس کا 8 فروری کو شکار آپ (عوام) نے کرنا ہے۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کا نشان شیر ہے، تو یہاں سندھ میں ستارے والے اس کے سہولت کارہیں۔ آپ نے 8فروری کو سانگھڑ میں کلین سوئیپ کرنا ہے، اِن کا صفایا کرنا ہے۔

اہم خبریں سے مزید