کوئٹہ(پ ر) سپریم کورٹ میں جمال رئیسانی کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کیخلاف اپیل دائر کردی گئی۔جمال رئیسانی کیخلاف این اے 264 کوئٹہ سے بی این پی کے نامزد امیدوار غلام نبی مری نے اپیل دائر کی جس میں انہوں نے موقف اپنایا کہ جمال خان رئیسانی نگران کابینہ کا حصہ رہےہیں۔ اس لیے وہ انتخابات لڑنے کے اہل نہیں ہیں۔درخواست میں کہا گیا کہ اگر یہ مثال قائم ہو گئی تو نگران کابینہ کے ممبران انتخابی شیڈول کے اجراء سے ایک یا دو دن قبل مستعفی ہوکر انتخابات لڑیں گے، ایسے میں انتخابات میں شفافیت متاثر ہو سکتی ہے۔اپیل میں مزید کہا گیا کہ جمال رئیسانی نے جس انتخابی حلقے سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے وہ وہاں کے رجسٹرڈ ووٹر بھی نہیں ہیں، بلوچستان ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیکر جمال رئیسانی کا بطور امیدوار فہرست سے نام ختم کیا جائے۔