• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گینگ وار کمانڈر ہلاک، کالعدم لشکر جھنگوی کا کارندہ پکڑا گیا

کراچی( اسٹاف رپورٹر )سی ٹی ڈی نے کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے ناصر جمپ کے قریب کارروائی میں کالعدم لشکر جھنگوی سے تعلق رکھنے والے اشتہاری زین العابدین عرف زین کو گرفتار کرلیا ،پولیس کے مطابق گرفتار ملزم سال 2016 میں بارود اور پولیس مقابلے کیے کیسز میں گرفتار ہو کر جیل جا چکا اور جیل سے فرار ہونے والے ملزم شیخ ممتاز عرف فرعون کا قریبی ساتھی ہے، ملزم لشکر جھنگوی کے لئیے اسلحہ کی نقل و حرکت اور سہولت کاری میں ملوث ہے، علاوہ ازیں پاک کالونی پولیس نے پرانا گولیمار میں حساس ادارے کی اطلاع پر مبینہ مقابلے میں لیاری گینگ وار و منشیات نیٹ ورک کے اہم کمانڈر زین عرف ریحان کو ہلاک کر دیا،پولیس کے مطابق جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب خفیہ اطلاع پر جہان آباد میں ملزم کو تعاقب کرکے گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی تو ملزم نے ساتھی کے ہمراہ پولیس پارٹی پر اندھا دھند شدید فائرنگ کی جس سے تھانہ پاک کالونی میں تعینات کانسٹیبل نوید شاہ ٹانگ میں گولی لگنے سے زخمی ہوا جبکہ پولیس موبائل کو بھی نقصان پہنچا،ہلاک ملزم کے قبضہ سے نائن ایم ایم پستول اور تھانہ پیرآباد کی حدود سے چوری کی گئی موٹرسائیکل برآمد ہوئی ہے،ملزم منشیات فروشی سے حاصل کردہ رقم سے اسلحہ کی خریداری سمیت لیاری گینگ وار کے جمیل چھانگا، بلال پپو، سلیم چاکلیٹی اور ساجد ڈکیت نامی گروپوں کی مالی معاونت بھی فراہم کرتا تھا،دریں اثنا اے وی ایل سی نے مبینہ مقابلے میں ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا،پولیس کے مطابق شارع فیصل کے قریب واردات کے ارادے سے کھڑے ڈاکوؤں نے پولیس پر فائرنگ کی،زخمی میاں طارق کے کے قبضے سے پستول، میگزین، گولیاں اور چوری شدہ موٹر سائیکل برآمد کی گئی ہے ،ڈیفنس پولیس نے ڈیفنس CR روڈ پر مبینہ پولیس مقابلے میں 2 ملزمان ماجد ولد غلام واحد اور اشفاق ولد مختیار کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا،ملزمان کے قبضے سے 2 30 بور پستول اور بوٹ بیسن کی حدود سے چھینی ہوئی ایک موٹر سائیکل برآمد کی گئی ہے،ڈاکس پولیس نے مچھر کالونی میں مبینہ مقابلے میں ملزم کمال احمد ولد صالح محمدکو زخمی حالت میں گرفتار کرکے پستول ، موٹرسائیکل برآمد کرلی ہے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید