• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریاست بچانے کیلئے سیاست قربان کرنے کی بات سب سے بڑا مذاق ہے، بلاول بھٹو

کراچی (ٹی وی رپورٹ) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ریاست بچانے کیلئے سیاست قربان کرنے کی بات سب سے بڑا مذاق ہے، انہوں نے انتخابات کے بعد مسلم لیگ (ن) کے ساتھ مل کر حکومت بنانے کا امکان رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن میں ہم سرپرائز دینگے اور آزاد اراکین کے ساتھ مل کر حکومت بنائینگے۔وہ جیو نیوز کے پروگرام ”نیا پاکستان “ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کررہے تھے۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ایک شخص کے ہاتھوں دو بار بیوقوف بننا شرمناک ہوگا، ہم آزاد اراکین کے ساتھ مل کر حکومت بنائیں گے، پاناما ایک حقیقت ہے جس کا آج تک جواب نہیں دیا گی، پاناما اسکینڈل عمران خان کا بنایا ہوا نہیں تھاانٹرنیشنل ایشو تھا، مگر یہ لوگ جیل سے نکل کر انہی اپارٹمنٹس میں رہنے لگے جس کا پاناما میں الزام تھا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنا عوامی معاشی معاہدہ کافی پہلے پیش کرچکی ہے، دس نکاتی ایجنڈے میں ایک نکتہ غریب خاندانوں کو 300یونٹ مفت بجلی فراہمی کا ہے، غریب خاندان کو شمسی توانائی کے ذریعہ 300یونٹ بجلی مفت دینگے، پیپلز پارٹی نے اسکی فنڈنگ کیلئے بھی منصوبہ سامنے رکھ دیا ہے، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ 17وزارتوں کو بند کردینگے، اس طرح وفاقی حکومت کے بجٹ سے سالانہ 300ارب روپے بچائینگے، اشرافیہ کو 1500ارب روپے سبسڈی دی جاتی ہے اسے بند کر کے عوام کو ریلیف دیں گے،ن لیگ ہم پر طنز کرتی ہے مگر ہمارے اعلان کے بعد خود 200 یونٹ مفت بجلی دینے کا اعلان کیا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ عوام کے تین بڑے مسائل مہنگائی، بیروزگاری اور غربت ہیں، عوام کی آمدنی دگنی کرنے کیلئے اقدامات کرینگے، عوام بجلی کے مہنگے بلوں سے خوش نہیں ہیں، تھر میں 100یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والوں کو سہولت دے رہی ہے۔

اہم خبریں سے مزید