کراچی (جنگ نیوز) سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے کہا ہے کہ الیکشن ملتوی کرانے کی کوشش کی گئی تو مزاحمت کریں گے۔ اِن خیالات کا اظہار اُنہوں نے ”جیونیوز“ کے پروگرام ”جرگہ“ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ توقع نہیں تھی کہ ایران ہماری فضائی حدود کی خلاف ورزی کرے گا۔ اُن کا کہنا تھا کہ ہماری فورسز نے ایران کو بالکل درست جواب دیا ہے۔ ایران کی طرف سے حملے کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ ایران اور پاکستان دونوں دہشت گردی کا شکار ہیں تاہم یہ معاملہ باہمی گفت و شنید سے حل ہوسکتا ہے۔ شہبازشریف کا خصوصی انٹرویو ہفتہ شب10 بجکر 5 منٹ پر نشر کیا جائے گا۔ پروگرام کے میزبان سینئر صحافی و تجزیہ کار سلیم صافی ہیں۔