کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کےسابق کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ آرام کی غرض سے انگلینڈ میں ہوں لیکن میں پاکستان کرکٹ سے دلبرداشتہ نہیں ہوں اور نہ پاکستان مستقل طور پر چھوڑنے کا ارادہ ہے۔اس بارے میں غلط خبریں پھیلائی جارہی ہیں۔ہفتے کو انگلینڈ کے شہر لیڈز سے نمائندہ جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ آسٹریلیاکی ٹیسٹ سیریز کے بعد کراچی میں تھا جہاں بھائی کی شادی میں شرکت کے بعد پیر کو یہاں پہنچا تھا۔آئندہ ماہ کے پہلے ہفتے میں پاکستان سپرلیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے کراچی آوں گا۔میری والدہ،بہن بھائی کراچی میں ہیں اوڑنا بچھوناکراچی میں ہے اور پاکستان کے لئے مزید کھیلنا چاہتا ہوں اس لئے ملک چھوڑنے کا تصور ہی نہیں کرسکتا۔ ذرائع کے مطابق سرفراز احمد کی پاکستان چھوڑنے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، سرفراز ان دنوں لندن میں چھٹیاں منانے گئے ہوئے ہیں اور وہ جلد پاکستان واپس آرہے ہیں۔ سرفراز احمد پی ایس ایل اور ڈومیسٹک لیگ بھی کھیلیں گے، سرفراز احمد کی اہلیہ لندن میں ہی مقیم ہیں جب کہ ان کا بیٹا بھی برطانیہ میں ہی زیر تعلیم ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز سے میڈیا اور سوشل میڈیا پر خبریں زیر گردش تھیں کہ سابق کپتان سرفراز احمد نے دلبرداشتہ ہوکر پاکستان چھوڑ دیا ہے۔