لاہور(نمائندہ جنگ) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے لاہور میں پاکستان پیپلز پارٹی کے انتخابی دفتر پر حملے کا نوٹس لے لیا جبکہ واقعے کا مقدمہ بھی 10نامعلوم افراد کے خلاف درج کر لیا گیا ۔ منظر عباس کھوکھر کے بیٹے کی مدعیت میں پی پی 162میں پیپلزپارٹی کے انتخابی دفتر پر پٹرول بم پھینکنے کا مقدمہ تھانہ ستو کتلہ میں درج کیا گیا۔ مدعی مقدمہ کے مطابق نامعلوم افراد پیٹرول سے بھری بوتلیں لے کر دفتر پر حملہ آور ہوئے، پٹرول سے بھری بوتلیں آفس کے دروازوں اور بینرز پر پھینک کر آگ لگا دی، حملہ آور آفس میں موجود 50ہزار مالیتی 30 کرسیاں اور دیڑھ لاکھ مالیت کا جنریٹر چوری کر کے لے گئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔