کوئٹہ(پ ر) بی این پی عوامی ضلع کوئٹہ کے آرگنائزر و نامزد امیدوار پی بی41لالا حسن ریکی، ڈپٹی آرگنائزر پی بی42کے امیدوار عید محمدد رانی نے رئیسانی اسٹریٹ شالدرہ میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئٹہ صرف ایک شہر نہیں بلکہ بلوچستان کا دل ہے۔ دیگر صوبوں سے آئے لوگ کوئٹہ کو دیکھ کر دیگر علاقوں کی ترقی کا اندازہ لگا سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ مسائل میں گھرا شہر بنیادی سہولیات سے محروم ، سڑکیں کھنڈرات میں تبدیل، گیس ہے نہ بجلی پھر بھی عوام کو بھاری بھرکم بل تھمائے جارہے ہیں۔ ٹریفک نظام درہم برہم جبکہ صحت اور روزگار نہ ہونے کے برابر ہے۔ 1980تک لٹل پیراس کہلانے والا شہر اب کھنڈرات کا منظر پیش کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ نمائندوں نے شہر پر کوئی توجہ نہیں دی بلکہ ہمیشہ اپنی جیبوں پر توجہ دی۔ ہم عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ 8فروری کو ان عناصر کا احتساب کیا جائے جو شہر کی تباہی کے ذمہ دار ہیں۔ عوام بی این پی عوامی کے نمائندوں کو ووٹ دیکر کامیاب بنائیں ہم اپنے کوئٹہ کو مسائل سے نجات دلائینگے۔