راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) راولپنڈی میں ٹریفک بدنظمی کا دیرینہ مسئلہ حل نہ ہو سکا۔ مرکزی شاہراہ مری روڈ اور کاروباری مراکز سمیت شہر اور کینٹ کی سڑکوں پر ٹریفک جام رہنے اور روانی میں خلل سے شہریوں کو شدید مشکلات ہیں۔ بدترین صورتحال سے ضلعی انتظامیہ اور سٹی ٹریفک پولیس کے ارباب اختیار مسلسل چشم پوشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مری روڈ اور ملحقہ سڑکوں پر ٹریفک اہلکار کم ہی دکھائی دیتے ہیں اور جو نظر آئیں وہ مستعد نظر نہیں آتے۔ ایک روڈ یوزر نے جنگ کو بتایا کہ اتوار کی شام مری روڈ پر چاندنی چوک تا مریڑ چوک گاڑیوں کا اژدھام اور بدترین ٹریفک جام تھا۔ لیاقت روڈ‘ گوالمنڈی‘ راجہ بازار‘ سٹی صدر روڈ‘ صدر‘ بینک روڈ‘ آدم جی‘ ہاتھی چوک‘ کمرشل مارکیٹ‘ سکستھ روڈ‘ صادق آباد اور دیگر سڑکوں پر سی ٹی او سمیت کوئی متعلقہ افسر نہیں نکلتا۔ ٹریفک سگنل اچانک بند ہونے سے بھی مسائل بڑھ جاتے ہیں۔