کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی ٹیم کے منیجرو ہیڈ کوچ شہناز شیخ نے پیرس اولمپکس کوالیفائر ایونٹ میں کوالیفائی نہ کرنے کے بعد کہا ہے کہ اولمپکس کھیلنا ہمارا حق تھا لیکن تعصب اور ناقص امپائرنگ کی وجہ سے پاکستان کوالیفائی نہیں کر سکا۔ نیوزی لینڈ کے دوسرے گول پر کپتان نے ریفرل مانگا تو ٹی وی امپائر نے معذرت کرتے ہوئے کہا وہاں کیمرا نہیں، بال کلیئر نظر نہیں آرہی جس کی وجہ سے نیوزی لینڈ کو گول دے دیا گیا اور مقابلہ برابر ہو گیا۔ پیر کو انہوں نے کہا کہ ایک غلط فیصلے سے پاکستان اولمپکس سے باہر ہو گیا۔ احتجاج کے لیے ٹورنامنٹ ڈائریکٹر کے پاس گئے تو اس کا تعلق نیوزی لینڈ سے تھا تاہم ٹورنامنٹ ڈائریکٹر نے فیصلے پر معذرت بھی کی ہے۔ یاد رہے کہ تین مرتبہ کی اولمپکس گولڈ میڈلسٹ پاکستان ہاکی ٹیم مسلسل تیسری مرتبہ اولمپکس تک رسائی میں ناکام رہی، مسقط میں تیسری پوزیشن کے میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف دو مرتبہ برتری حاصل کرنے کے بعد بھی 3-2 سے شکست کھاگئی۔