کراچی (اسٹاف رپورٹر) پریذیڈنٹ ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے ساتویں اور آخری راؤنڈ میں واپڈا نےسرکاری ٹی وی کو تین وکٹوں سے شکست دیدی۔ نیشنل اسٹیڈیم میں واپڈا کو 225 رنز کا ہدف ملا تھا جو اس نے7 وکٹ پر حاصل کرلیا۔ محمد اخلاق نے 100 اور احمد شہزاد نے 64 رنز بنائے۔ فیصل اکرم نے میچ میں 139 رنز دے کر 10 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل ناکام ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 202 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔ اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم میں ایس این جی پی ایل نے اپنی دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 54 رنز بنائے تھے۔ اس سے پہلے ایچ ای سی اپنی پہلی اننگز میں 257 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ سعد خان نے 91 اور محمد حریرہ نے 85 رنز بنائے۔ میر حمزہ نے 4 شکار کیے۔ یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں اسٹیٹ بینک نے اپنی دوسری اننگز میں دو وکٹ پر 139 رنز بنائے تھے ۔ عمرامین 82 پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ اس سے قبل غنی گلاس کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 282 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔ کاشف بھٹی نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ شان مسعود نے ہلکے بخار کے باوجود 39 منٹ تک بیٹنگ کی انہوں نے بیٹنگ کے بعد ڈریسنگ روم میں کچھ دیر آرام کیا اور پھر گراؤنڈ کا رخ کیا۔