لاہور(نمائندہ جنگ)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ صرف ایک مدت کی وزارت عظمیٰ میں ملک کی تقدیر بدل دوں گا، خواتین کو بلاسود قرضہ ،بینظیر مزدور کارڈ کے ذریعے تمام سہولتیں دینگے، کسان کارڈ لائینگے، ساہیوال میں پارٹی کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی واحد جماعت ہے جو عوام کو درپیش مسائل حل کر سکتی ہے جبکہ دیگر تمام پارٹیاں اور سیاستدان نفرت اور تقسیم کی سیاست کرنے کے لئے ان انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ نفرت اور تقسیم کی سیاست کو دفن کرنے کے لئے ان انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم تاریخ کے اس مشکل دور پر قابو پانے کے لئے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے نظریے پر عمل کریں گے۔ ہمارا دس نکاتی عوامی معاشی معاہدہ عوام کے مسائل کے حل کے لئے ہے۔ ہم اس ایجنڈے کے ذریعے غربت اور مہنگائی سے نمٹیں گے۔ ہم نے پہلے بھی خواتین کے لئے انکم سپورٹ پروگرام متعارف کرایا اور ہم آئندہ اسے وسعت دیں گے اور خواتین کو بلا سود قرضے دئیے جائیں گے تاکہ وہ اپنے کاروبار شروع کر سکیں اورملک میں معیشت میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔