• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاول کو ایم کیو ایم کے بغیر وزیراعظم بنا کر دکھا دیں، مصطفیٰ کمال

کراچی(ٹی وی رپورٹ) ایم کیو ایم کے رہنما مصطفی کمال نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کو ایم کیو ایم کے بغیر وزیراعظم بناکر دکھا دیں، پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے کہا کہ کراچی والوں کا اعتماد پی پی پر بڑھا ہے، کسی سے اتحاد کا نہیں کہہ رہے، ایم کیو ایم ٹھوکریں کھا رہی ہے، جماعت اسلامی کے رہنما حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ عوامی رائے میں ایم کیو ایم کہیں بھی نہیں۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں نمائندہ جیو نیوز شبیر ڈار اور سینئر صحافی عمر چیمہ نے بھی گفتگو کی۔ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنما مصطفی کمال نے مزید کہا کہ گزشتہ دو ماہ میں ہمارے پانچ ساتھی شہید ہوچکے ہیں،ویڈیوز موجود ہیں این اے 243میں الیکشن آفس کے باہر ہمارے تین ساتھیوں کو پیپلز پارٹی کے عہدیداروں نے شہید کردیا، منگھوپیر میں بھی دن دیہاڑے ہمارے ساتھی کو شہید کیا گیا، قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تحفظ فراہم کرنے کی درخواست کرتے ہیں۔ مصطفی کمال کاکہنا تھا کہ اگر پیپلز پارٹی کو مجھ سے تکلیف ہورہی ہے تو اس کا مطلب ہے میں ٹھیک کررہا ہوں، پیپلز پارٹی اگر میری تعریف کرے تو میرے لیے برا دن ہوگا، پیپلز پارٹی پندرہ سال میں کراچی میں گٹر کا ڈھکن نہیں لگاسکی، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو بلاول ہاؤس میں ٹینکر کا پانی خرید کر پیتے ہیں لیکن وزیراعلیٰ کو لائنوں میں پانی دینے کیلئے نہیں کہہ سکتے، سندھ حکومت ہائیڈرنٹ بنا کر کراچی کا پانی بیچنے والوں کو سپورٹ کررہی ہے۔ مصطفی کمال نے کہا کہ یہ شہر پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں، آج ایم کیو ایم متحد اور منظم ہے، کراچی کے لوگو ں نے کل ایم کیو ایم کی کال پر ریفرنڈم کر کے دکھادیا ہے، ایم کیو ایم کے جلسے سے پیپلز پارٹی کی نیندیں اڑ گئی ہیں۔ مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ ہم تو چاہتے ہیں پی ٹی آئی انتخابی مہم چلائے، پی ٹی آئی بتادے ان کے دفاتر کہاں کہاں ہیں ہم سیکیورٹی دیں گے، پی ٹی آئی کے نہ دفاتر ہیں نہ ان کے امیدوار ہیں، ہمارا پی ٹی آئی سے کوئی مقابلہ نہیں وہ تو خود اختتام تک جارہی ہے،گزشتہ الیکشن میں پی ٹی آئی کو کراچی میں 14سیٹیں دی گئی تھیں، پی ٹی آئی تو اس وقت بھی دو تین سیٹوں سے زیادہ کی توقع نہیں کررہی تھی۔
اہم خبریں سے مزید