کراچی( افضل ندیم ڈوگر )پاکستان اور ایران کے مابین چند روز کی سخت کشیدگی کے بعد تعلقات کی بہتری کے تناظر میں پاکستانی ایئر لائنز نے ایرانی فضائی حدود کا استعمال جزوی طور پر شروع کر دیا ہے۔
گزشتہ 24گھنٹے کے دوران متعدد پاکستانی پروازوں نے ماضی کی طرح ایران کی فضائی حدود استعمال کی۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پیر کو ٹورنٹو سے کراچی کی پی آئی اے کی پرواز پی کے 784 نے تہران سے ہوتے ہوئے 2 گھنٹے تک 37000فٹ کی بلندی سے ایران کی فضائی حدود میں سفر کیا۔
اسلام آباد سے دمام کی پرواز پی کے 243 بھی ایران کی فضائی حدود سے گزر کر منزل تک پہنچی۔
دبئی اسلام اباد کی پرواز پی کے 112 نے بھی ایران کا فضائی راستہ استعمال کیا۔
سعودی عرب کے شہر الحوف سے اسلام آباد کی خصوصی پرواز پی کے 6246 بھی ایران سے ہوتے ہوئے منزل تک آئی۔ ایئر سیال کی کراچی سے استنبول کی پرواز پی ایف ایک 1786 بھی تہران سے ہوتے ہوئے منزل پر گئی۔ تاہم پاکستان کی بیشتر پروازیں سرکاری ہدایات کی روشنی میں گلف آف عمان کا فضائی راستہ اختیار کر رہی ہے۔