• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بانی PTI ناکام وزیراعظم، مہنگائی سے نجات دلاؤں گا تو سکون ملے گا، نواز شریف

ننکانہ صاحب(نمائندہ جنگ ) مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیر اعظم نوازشریف نے کہا ہےکہ بانی پی ٹی آئی ناکام وزیراعظم ثابت ہوئے، مہنگائی سے نجات دلاؤں گا تو سکون ملے گامیں کوئی امپورٹڈ وزیراعظم نہیں تھا، مقامی وزیراعظم تھا ، موقع ملا تو وہ کام کر جائینگے کہ تاریخ یاد رکھے گی۔جبکہ مریم نواز کا کہنا ہے کہ نواز شریف لاڈلہ ہے لیکن عوام کا، کوئی امپورٹڈ فتنہ نہیں، اپنے قائد کو اپنے ووٹ دیں کہ کسی بیساکھی کی ضرورت ہے۔ننکانہ صاحب میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ہمارےزمانے میں سستی بجلی تھی، کراچی کا امن کس نے بحال کیا؟ روٹی 4روپے کی کس کے دور میں تھی؟ چینی 50روپے کلو کس کے زمانے میں تھی؟ نوجوانوں کو روزگار کس کے زمانے میں مل رہا تھا، پشاور، مانسہرہ، کراچی کی موٹروے کس نے بنائی؟مسلم لیگ ن کے قائد نے کہا کہ نتیجہ یہ نکلا کہ نوازشریف کے ہاتھوں میں ہتھکڑیاں لگادی گئیں، جیل میں ڈال دیا گیا، جو ملک کو ایٹمی طاقت بناتا ہے کیا اسکے ہاتھوں میں ہتھکڑیاں لگائی جاتی ہیں؟انہوں نے کہا کہ مجھے بتائیں سب کیوں اور کیسے ہوا؟ پاکستان کے لوگوں کو تکلیف میں کیوں ڈال دیا گیا؟ آپکو دیکھ کر جتنی تکلیف مجھے ہوتی ہے بیان نہیں کرسکتا، میرے دل کو سکون اس وقت ملے گا جب آپکو مہنگائی سے نجات ملے گی، آپکو روزگار اچھی نوکریاں ملیں گے۔انہوں نے کہا ہے کہ ن لیگ کے دور میں گوادر ایئرپورٹ، بندرگاہ، کراچی میں امن، ملک میں موٹرویز کا جال بچھایا گیا، گرین، ریڈ اورنج لائن بسیں اور ٹرینیں چلانے کے جرم میں ہمارے ہاتھوں میں ہتھکڑیاں پہنادی گئیں، مجھ سے کیا دشمنی تھی؟ یہی دشمنی تھی کام کرنا۔ نوازشریف نے ننکانہ صاحب کے عوام کو اسپتال، تعلیم اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کی یقین دہانیاں کرائیں اور کہا کہ یہاں اسپتال اور سڑکیں بنائیں گے۔ ن لیگ کی چیف آرگنائزر مریم نواز نےکہا ہےکہ نواز شریف میڈاِن پاکستان لیڈر اور عوام کا لاڈلہ ہے۔ننکانہ صاحب میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ آج ننکانہ نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے، یہاں مقبولیت کے بہت دعوے دار تھے، نواز شریف نے آپ کو جعل سازی سے نہیں نکالا، آپ نے خود پاؤں پر کلہاڑی ماری ، اپنی جماعت کو ختم کرنے کی ذمہ داری آپ کی خودکی ہے۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہم 9مئی والے نہیں 28مئی والے لوگ ہیں، نواز شریف تو پہلے تھا ہی نہیں تو پھر مقابلہ کیسا؟ آج کل ایک بات چلتی ہےکہ نواز شریف لاڈلا ہے، ہاں نواز شریف لاڈلا ہے مگر عوام کا لاڈلا ہے، نواز شریف میڈاِن پاکستان لیڈر ہے۔

اہم خبریں سے مزید