• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ن لیگ، PTI ایک سکے کے دو رخ، نواز شریف کا راستہ روکوں گا، بلاول بھٹو

سرگودھا، لاہور(نامہ نگار، نامہ نگار، مانیٹرنگ سیل)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں، یہ دونوں جماعتیں اپنی کارکردگی ثابت کر چکی ہیں، ملک میں چہرے بدلتے ہیں لیکن پالیسیاں وہی رہتی ہیں۔نواز شریف یہ تاثر دے رہے ہیں کہ وہ وزیراعظم بننے کیلئے عوام کے علاوہ کسی اور چیز پر بھروسہ کر رہے ہیں۔ نواز شریف بیک ڈور کے ذریعے چوتھی بار وزیراعظم بننا چاہتے ہیں لیکن ان کا راستہ روکوں گا۔ الیکشن میں مقابلہ ضیاءکی مسلم لیگ سے ہے،حرام ہوگا میری حکومت میں کوئی سیاسی قیدی ہو،نوجوانوں کو سمجھائیں کہ اپنا ووٹ ضائع مت کریں، کیا آپ اس شخص کو ووٹ دے کر ضائع کرنا چاہتے ہیں جو چوتھی مرتبہ وزیراعظم بننا چاہتا ہے؟ الیکشن میں پیپلز پارٹی کا مقابلہ ضیاء الحق کی مسلم لیگ سے ہے۔ وہ لوگ جو چوتھی مرتبہ وزیراعظم بننا چاہتے ہیں انہوں نے ابھی تک اپنا منشور ہی پیش نہیں کیا۔ یہ شیر جب بھی اقتدار میں آتا ہے تو عوام کسانوں، مزدوروں اور نوجوانوں کا خون چوستا ہے۔ اس کے مقابلے میں پیپلزپارٹی عوام کی خدمت کرتی ہے۔ پیپلز پارٹی کا پہلا وعدہ یہ ہے کہ اقتدار میں آنے بعد وہ تنخواہیں دوگنی کر دے گی۔ پیپلزپارٹی کا دوسرا وعدہ جس کی لوگ نقل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں وہ مستحق لوگوں کو 300یونٹ بجلی مفت دینے کا ہے۔ پیپلزپارٹی کا ایک اور وعدہ یہ ہے کہ وہ ملک بھر میں 30لاکھ گھر تعمیر کرے گی جن کی ملکیت خواتین کو دی جائے گی جیسا کہ ہم سندھ میں پہلے ہی کر رہے ہیں۔ نیب کیس بننے پر اداروں پر حملہ کیا جاتا ہے،بےنظیربھٹو شہید ہوئیں تو آصف زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا، میرے والد پر جیل میں تشدد کیا گیا زبان کاٹی گئی، چاہتے ہیں جو ہمارے ساتھ ہوا ہے ایسا ظلم کسی اورکے ساتھ نہ ہو، میرے لیے حرام ہوگا کہ میری حکومت میں کوئی سیاسی قیدی ہو، میں یہ کرہی نہیں سکتا کہ مخالفین کی بہنوں اور بیٹیوں کوجیل میں ڈالوں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سرگودھا کی تحصیل بھلوال میں انتخابی جلسے سے خطاب اور قبل ازیں برطانوی خبر رساں ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔

اہم خبریں سے مزید