منڈی بہاؤالدین(نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم شہبازشریف نے بلاول بھٹو کا نام لئے بغیر کہا ہے کہ ہمارے دور میں سیاسی قیدی نہیں رہا، سندھ میں ذاتی جیلیں بھی ختم کرو ، نوازشریف وزیراعظم بنے تو دیہات اور قصبوں میں نوجوانوں کو زرعی قرضے دیں گے،گزشتہ روز منڈی بہاؤالدین میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے بلاول کا نام لیے بغیر انہیں مشورہ دیا کہ ایک مہربان نے کہا اقتدار میں آئے تو کوئی سیاسی قیدی نہیں ہوگا، اپنے مہربان کو مشورہ ہے اس کے ساتھ ذاتی جیلوں کے خاتمے کا اعلان بھی کر دیتے تو اچھا ہوتا۔شہباز شریف نے کہا کہ ان ذاتی جیلوں میں ظلم ہو رہا ہے ،بچوں ،خواتین اور لوگوں پر تشدد ہوتا ہے ،تھانے دار اور اسسٹنٹ کمشنر خاموش ہوتا ہے ،کوئی پوچھنے والا نہیں ہوتا۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ 2013 سے 2018 تک پنجاب میں کوئی سیاسی قیدی نہیں تھا جو ایک ریکارڈ ہے ، نوازشریف وزیراعظم بنے تو دیہات اور قصبوں میں نوجوانوں کو زرعی قرضے دیں گے،منڈی بہاؤالدین میں جدید یونیورسٹی بنائیں گے۔ شہباز شریف نے کہا کہ جب نواز شریف کو آپ لوگوں نے 2013 میں اکثریت دی تو دھرنا شروع ہوگیا پھر سازش کے ذریعے 2017 میں نواز شریف کی حکومت ختم کردی گئی، ہم نے آپ کو لوڈشیڈنگ سے نجات دلائی اور موٹر وے دانش اسکول جیسے لاتعداد منصوبہ دیے۔