اسلام آ باد ( سیا سی تجز یہ ۔۔ رانا غلام قادر ) وزارت عظمیٰ کے دو امیدواروں نواز شریف اور بلاول بھٹو زرداری کے درمیان مناظرہ کے معاملہ میں اہم پیش رفت ، شہباز شریف کے ردعمل پر بلاول بھٹو نے سندھ کے معائنے اور مناظرے کا چیلنج قبول کرتے ہوئے دو بارہ گیند نواز شریف کے کورٹ میں پھینک دی ۔یاد رہے بلا ول بھٹو نے گزشتہ روز ایک بیان میں نواز شریف کو آٹھ فروری سے پہلے مباحثہ کی دعوت دی تھی۔بلاول کی سندھ کے 3مقامات کے معائنہ کی پیش کش ، میچ بلاول کیلئے مشکل صورتحال کو بھی جنم دے سکتا ہے،تجزیہ کاروں کے مطابق بلاول نواز شریف کو ہر قیمت پر مناظرے پر لانا چاہتے ہیں، کیا اب نوا ز شریف چیلنج قبول کرتے ہیں یا نہیں ؟، بلاول بھٹو کی جانب سے مناظرہ کی دعوت کا جواب نواز شریف کی بجا ئے ان کے بھائی شہباز شریف نے دیا۔ شہباز شریف نے مختصر بیان میں بلاول بھٹو کا نام لئے بغیر یہ کہا کہ کل ایک صاحب نے نواز شر یف کومناظرے کی دعوت دی ۔ وہ نواز شریف کو مناظرے کی بجا ئےسندھ کے معائنے کی دعوت دیتے تو اچھا تھا۔ مناظرہ بھی ہوجا تااور موازنہ بھی۔ شہباز شریف کو بلاول بھٹو نے فوری جواب دیا گویا وہ انتظار میں بیٹھے تھے۔ بلاول بھٹو نے شہباز شریف کی تجویز کو قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں مناظرے اور معائنے کیلئے تیار ہوں۔ میاں نواز شریف مجھ سے خیر پور گمبٹ میں مناظرہ کرلیں جہاں کااہسپتال پنجاب کے کسی بھی ہسپتال سے بہتر ہے اور یہاں علاج بالکل مفت ہے۔ میاں صاحب نے تین بار وزیر اعظم بننے کے باوجود بھی گمبٹ کا دورہ نہیں کیا۔