• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت سے تعلقات، ایک کروڑ نوکریاں، پاکستان کو نواز دو، ن لیگ کا منشور پیش

لاہور(نمائندہ جنگ، مانیٹر نگ ڈیسک) بھارت سے تعلقات استوار، ایک کروڑو نوکریاں، پارلیمنٹ کی بالادستی قائم، نیب کا ختم، عدالتی اصلاحات، مہنگائی، بیروزگاری میں کمی،اقتصادی شرح نمو 6فیصد سے زائد پر لائی جائیگی۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے آئندہ انتخابات 2024 کے لئے ’پاکستان کو نواز دو‘ کے سلوگن سے اپنے منشور کا اعلا ن کر دیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نوازشریف کا کہنا تھا کہ ماضی کی زیادتیوں کو فراموش کرکے مستقبل کی منصوبہ بندی کرنے آیا ہوں،اس طرح نہیں کرینگے جس طرح ماضی میں انہوں نے کیا،منشور پیش کرنے کے دوران نواز شریف آبدیدہ ہوگئے، مریم نواز کی آنکھیں بھی نم ہوگئیں، اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ نوازشریف وہ شخص ہے جس نے وعدے کم کیے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی صدارت میں پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں تقریب ہوئی جس میں منشور کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر عرفان صدیقی نے 40 صفحات پر مشتمل پارٹی منشور پیش کیا۔ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے اپنا انتخابی منشور عوام کے سامنے پیش کرنے کی تقریب میں مسلم لیگ ن کی منشور کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر عرفان صدیقی نے ماڈل ٹاؤن میں نواز شریف اور شہباز شریف کی موجودگی میں پارٹی منشور کا اعلان کیا۔ سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا تھا منشور کی تشکیل کے لیے 32 کمیٹیوں نے دن رات محنت کی، میرے لیے بہت آسان تھا کہ میں 8 سے 10 صفحے کا منشور لکھ کر کسی لیڈر کو دے دیتا اور کہتا کہ اسے پڑھ دیں یہ منشور ہے لیکن ہم نے اس میں یہ بتایا کہ پچھلی حکومتوں کی کارکردگی کیا رہی اور کس حکومت نے کیا کام کیے۔ انکا کہنا تھا میں نے احسن اقبال سے کہا کہ ذیلی کمیٹیوں نے اتنے بڑے بڑے تھیسز بھیج دیے ہیں کہ ان پر تو الگ سے کتاب لکھی جانی چاہیے۔ رہنما مسلم لیگ ن کا کہنا تھا منشورپر موثرعملدرآمد کویقینی بنانے کیلئے خصوصی کونسل اور عمل درآمد کونسل قائم کی جائیگی، خصوصی کونسل اور عمل درآمد کونسل حکومتی کارکردگی کی سہ ماہی رپورٹ مرتب کریگی۔

اہم خبریں سے مزید