کراچی (ٹی وی رپورٹ) ن لیگ کے رہنما شہباز شریف نے کہا ہے کہ جس شخص کا قوم کی خدمت کے نتیجے میں تختہ الٹ دیا گیا ہو انہیں کیسےلاڈلہ کہا جاسکتا ہے،بلاول مناظرے کے بجائے نوازشریف کو اپنے صوبے میں معائنے کے لئے لے جائیں تو مناظرہ بھی ہوجائے گا اور موازانہ بھی ہوجائے گا،وقت کی اہم ضرورت ہے کہ اللہ جس پارٹی کو بھی موقع دے اس کو سادہ اکثریت ضرور دے یہ میری دعا بھی ہے خواہش بھی ہے چاہے ہمیں ملے یا کسی اور کو ملے لیکن اگر سادہ اکثریت نہیں ملتی تو گورننس کے مسائل ہوں گے۔ اگر سادہ اکثریت رہتی ہے تو دوسرے گروپس ساتھ مل کر سپورٹ کرتے ہیں تو طاقت بڑھتی ہے۔ سادہ اکثریت نہیں ہوگی تو ذمہ داری ایک دوسرے پر شفٹ کرتے رہیں گے یہ پانچ سال کا دور ہے سولہ ماہ کا نہیں ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک انٹرویو میں کیا۔شہباز شریف نے کہا کہ واحد ہماری جماعت ہے جس نے وعدے دعویٰ کم کیے ہیں کام زیادہ کیا ہے۔ تحریک انصاف کی نقالی کرنی ہوتی تو کہہ دیتے تین سو ارب ڈالر واپس لے آئیں گے۔ نوے دن میں کرپشن کا خاتمہ کردیں گے ایسا نہیں کیا۔ نوازشریف کا ماضی گواہ ہے کہ اقتصادی ترقی نوازشریف کے ہر دور میں ہوئی ہے۔بلوم برگ نے پیشگوئی کی تھی کہ 2024 تک پاکستان دنیا کے پہلے پچیس ترقی یافتہ ممالک میں ہوگا وہ نوازشریف کا دور تھا۔