راولپنڈی(خصوصی نمائندہ)سابق وزیراعظم سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی قیادت میں پاکستان پیپلزپارٹی کے قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواروں نے علی مسجد میں سیکرٹری جنرل ٹی این ایف جے علامہ بشارت حسین امامی، چیئرمین پولیٹیکل سیل ذوالفقار علی راجہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر علامہ سید قمر حیدر زیدی، باوا سید فرزند علی شاہ کاظمی، سید قلب عباس نقوی بھی موجود تھے۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ قائد ملت جعفریہ آغا حامد علی شاہ موسوی اتحاد بین المسلمین کی علامت تھے۔ اس موقع پر علامہ بشارت حسین امامی نے کہا کہ مکتب تشیع نے حقِ رائے دہی ہمیشہ ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں استعمال کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی روابط کی تکمیل پر شیعہ قوم کو آبرومندانہ الیکشن پالیسی دینگے۔ ملاقات کے اختتام پر وطنِ عزیز اور عوام کی بھلائی و کامیابی اور دفاع وطن کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔