• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوام کیساتھ ظلم برداشت نہیں، خوشحالی کو واپس لاؤنگا، نواز شریف

سیالکوٹ/لاہور(نمائندہ جنگ/مانیٹرنگ ڈیسک ) سابق وزیر اعظم پاکستان نواز شریف نے کہا ہے کہ اپنے ساتھ ظلم برداشت کر لوں گا عوام کے ساتھ نہیں، کامیاب ہو کر ملک میں خوشحالی واپس لاؤں گا،بجلی ، گیس، روٹی، پٹرول عوام کے بس سے باہر ہوگیا،جنہوں نے ملک پر یہ ظلم کیا ان سے پوچھیں ایسا کیوں کیا،لاہور سے سیالکوٹ ٹرین چلائینگے،مریم نواز نے جلسے سے خطاب میں کہا کہ بچوں کو ورغلا کر ریاست پر حملہ کردیا گیا،نوجوان بانی PTI کی وجہ سے آج جیلوں میں سڑ رہے ہیں،جبکہ شہبازشریف نے کہا کہ ایک سیاسی مہربان جلسوں میں مختلف کارڈز دکھاتا ہے،8فروری کو عوام ییلو کارڈ دکھا کر اسے میدان سے باہر کردینگے،گزشتہ روز سیالکوٹ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ باوفا لوگوں کا شہر ہے، سیالکوٹ کا نام برصغیر میں گونجتا ہے ، میرا خواجہ آصف کے ساتھ 55 سال کا ساتھ ہے، میرے ساتھ خواجہ آصف گورنمنٹ کالج میں کلاس فیلو تھا، مجھے خواجہ آصف کے والد اور ان پر فخر ہے،انہوں نے کہا موٹر وے سے میں خوش نہیں ہوں اس کو مزید جدید بنانا چاہتے تھے،انہوں نے مزید کہا کہ کامیاب ہو کر میں سیالکوٹ سے ٹرین چلاوں گا۔ نواز شریف نے کہا ہے کہ اپنے ساتھ ظلم کو برداشت کرلوں گا اور کررہا ہوں، لیکن جو ظلم عوام کیساتھ ہوا اسے برداشت نہیں کرسکتا۔انہوں نے کہا کہ جو روٹی میں چار روپے کی چھوڑ کر گیا آج پچیس روپے کی ملتی ہے، پٹرول 65 روپے لیٹر پر چھوڑ کر گیا تھا آج کتنا مہنگا ہوگیا ہے، پچاس روپے کلو والی چینی آج 150 پر پہنچ گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس قوم پر کتنا ظلم ہوا جس کا کون ذمہ دار ہے، یہ ملک کا حال کردیا، بجلی کے بل مہنگے، گیس ناپید ہوچکی ہے۔نواز شریف نے کہا کہ نہ بجلی نہ گیس، روٹی نہ پٹرول، سب چیزیں عوام کے بس سے باہر ہوگئیں، 2017 بہتر تھا یا 2023-24، جنہوں نے ملک کے ساتھ ظلم کیا ان سے پوچھیں ایسا کیوں کیا، یہ ظلم مجھے پر نہیں قوم پر کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ میں اپنے ساتھ ظلم کو برداشت کرلوں گا اور کررہا ہوں، لیکن جو ظلم عوام کیساتھ ہوا اسے برداشت نہیں کرسکتا انشااللہ خوشحالی جو ہم سے دور ہوگئی ہے اسکو واپس لوں گا، مجھے آپ کا ساتھ چاہیے۔ نوازشریف نے کہا سیالکوٹ کے لوگ کہہ رہےہیں نواز شریف’ لویو‘ میں کہہ رہا ہوں ’لو یو ٹو‘ ۔میاں نوازشریف کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف دوست،سیاست دان ہی نہیں بہترین انسان بھی ہیں،سیالکوٹ موٹر ویز ہم نے بنائی لیکن افتتاح کا موقع نہیں ملا۔قائد ن لیگ کا کہنا تھا کہ کون کہتا ہے کہ یوتھ مسلم لیگ ن کے ساتھ نہیں ہے ،سارا جلسہ ہی 30سال سے کم عمر والے نوجوانوں کا ہے، حکومت میں آئے تو نوجوانوں کو پاؤں پر کھڑا کریں گے، شہباز شریف نے نوجوانوں سے لیپ ٹاپ اور آئی پیڈ کی بات کی ہے جوسب کو ملیں گے۔شہباز شریف نے اپنے خطاب میںکہا کہ ایک سیاسی مہربان جلسوں میں مختلف کارڈز دکھاتا ہے،8فروری کو عوام ان کو ییلو کارڈ دکھا کر میدان سے باہر کردینگے، نواز شریف اور مسلم لیگ ن دوبارہ ترقی اور خوشحالی کا سفر کا آغاز کرے گی،سیاسی مخالفین کہتے ہیں کہ مسلم لیگ ن باہر نکل کر جلسے نہیں کر رہی ، کیا ہم سیالکوٹ میں کسی کمرے میں جلسہ کر رہے ہیں، آج پاکستان یہ عظیم الشان جلسہ دیکھ رہا ہے، یہ گواہی ہے کہ8 فروری کو سیاسی مخالفین کا جلوس نکل جائے گا،ایک سیاسی مہربان جلوسوں میں مزدور کار، کسان کارڈ نکال کر دکھاتے ہیں، غور سے دیکھیں تو لگتا ہے کہ فٹ بال میچ کے ریفری ہیں، 8 فروری کو ییلو کارڈ دکھا کر میدان سے انکو باہر کر دے گا، نواز شریف اور مسلم لیگ ن دوبارہ ترقی اور خوشحالی کا سفر کا آغاز کرے گی، جس طرح نواز شریف کا تختہ الٹ کر اس سفر کو ختم کر دیا گیا تھا، 2013 سے 2017 تک پاکستان کی ترقی خوشحالی میں انقلاب لے کر آیا تھا، نواز جب پہلی مرتبہ وزیر اعظم بنے تو ترقی کا سفر شروع کیا، ہندوستان نے 5 ایٹمی دھماکے کئے تو نواز شریف نے 6 ایٹمی دھماکے کر کے ہندوستان کے دانت کھٹے کئے، کہا گیا کہ ایٹمی دھماکہ نہ کریں ، نواز نے کہا کہ کچھ بھی ہو جائے ہندوستان کگ دانت کھٹے کرنے ہیں، سیالکوٹ سمیت پنجاب اور پاکستان میں لاکھوں بچوں کو لیپ ٹاپ دیئے گئے ،20 ارب کے تعلیمی وظائف دئیے گئے ، باعزت روزگار فراہم کیا گیا، قوم کی بیٹیاں آج نواز شریف کی طرف دیکھ رہی ہیں، کہ اب نواز شریف کیا پروگرام لے کر آتا ہے، کل منشور کا اعلان کیا جس کا مرکزی نقطہ ہے کہ بچوں بچیوں کو لیپ ٹاپ دیں گے،اللہ تعالی مے دوبارہ وزیر اعظم بنایا تو ارفا ٹاور کی طرح آئی ٹی یونیورسٹی بنا کر دوں گا، جدید تعلیم ہو گی جدید علوم ہوں گے،دنیا بھر کی ترقی پذیر ممالک سے ہمارے بچے بچیاں مقابلہ کریں گے، یہ تیر اور شیر میں کیا فرق ہے تو تیر کے اوپر ایک نقطہ لگا دو تو شیر بن جائے گا، شیر 8 فروری کو دھاڑیں گے ، دوبارہ ترقی کا دور شروع ہو گا، نواز شریف کا وعدہ ہے دوبارہ مینڈیٹ دیا تو دن رات محنت کرے گا۔مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نوازنے کہا کہ نوجوانوں کو پٹرول اور ڈنڈے دینے والا آپ کا ہمدرد نہیں۔ نوازشریف آج دوسری بار سیالکوٹ آئے ہیں، مسلم لیگ ن اہلیان سیالکوٹ کی ممنون ہے، سیالکوٹ کے وفاداروں کی مثال نہیں ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ نوجوانوں کا مستقبل پٹرول بم نہیں، آئی ٹی سٹارٹ اپس ہیں، بچوں کو ورغلا کر ریاست پر حملہ کرایا گیا، نوجوان بانی پی ٹی آئی کی وجہ سے جیلوں میں سڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ کا مقدر باعزت روزگار، اچھے کالجز اور سکولز ہیں، 8 فروری کو مسلم لیگ کا کوئی ووٹر گھر پر نہ بیٹھے، شیر پر مہر لگائیں، جتنی مہریں لگیں گی اتنی تیزی سے ملک ترقی کرے گا۔ چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز نے مزید کہا کہ نوازشریف نے جو وعدہ کیا وہ پورا کیا۔

اہم خبریں سے مزید