اسلام آباد (ایجنسیاں ) عالمی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف ) نے پاکستان پر زور دیا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے علاوہ بھی غریب عوام کے لئے سماجی پروگرام چلائے جائیں۔
آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ پاکستان کو کمزور طبقے کے سماجی تحفظ کے زیادہ اقدامات کرنے چاہئیں اور سماجی پروگرام چلانے کیلئے پاکستان کو مسلسل کوششیں کرنی چاہئیں، کمزور طبقے کیلئے محفوظ بجلی اور گیس ٹیرف سلیب جاری رہنا چاہیے۔
آئی ایم ایف کے مطابق رواں مالی سال ستمبر میں صحت اور تعلیم کے اخراجات کا ہدف پورا کر لیا گیا تاہم نگران حکومت محدود صلاحیت کے باعث دسمبر کا ہدف پورا نہیں کر سکی، منتخب حکومت مالی سال کے آخر تک سماجی تحفظ کے اخراجات جاری رکھے ۔
عالمی مالیاتی فنڈ کا کہنا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے انتظامی ڈھانچے کو مزید بہتر کیا جانا چاہیے‘ پروگرام میں تقسیم کے طریقہ کار اور شفافیت کو بہتر بنانے کی گنجائش موجود ہے۔
علاوہ ازیںآئی ایم ایف نے رواں مالی سال کے لیے مقررہ 30ارب 53کروڑ 40لاکھ ڈالرز ترسیلات زر کا ہدف حاصل نہ ہونے کا خدشہ ظاہر کردیا۔
آئی ایم ایف نے اپنی رپورٹ میں آئندہ مالی سال بھی ترسیلات زر تحریک انصاف حکومت کے آخر ی مالی سال کے مقابلے میں کم رہنے کا تخمینہ لگا دیا۔