کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کابجلی کے 300فری یونٹ کا وعدہ بھی 70ء کی دہائی کا روٹی کپڑا اور مکان جیسا ہے ، پیپلزپارٹی پہلے تھر کے عوام کو روٹی، کپڑا اور مکان دیں اور ان کے مسائل حل کرے، جس طرح 2023ء واپس نہیں آسکتا اسی طرح ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی کادورواپس نہیں آئے گا، ہم آئی پی پیز کے معاہدے کو عوام دوست بنائیں یا ختم کردیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے تحت عام انتخابات کی تیاریوں اور عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں اتوار کو باغ جناح میں تاریخی ’جلسہ اعلان کراچی ‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر حافظ نعیم الرحمٰن نے کہاکہ آر اوز اور ڈی آر اوز سن لیں کہ آج کراچی کے عوام نے جماعت اسلامی کو فتح دے دی ہے، 8فروری کے دن نتائج تبدیل کئے تو آراوز اور ڈی آراوز کے دفتر کا گھیراؤ کریں گے۔امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا ہے کہ عوام کے ٹھاٹیں مارتے سمندر نے ترازو کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے یہ جلسہ نہیں کرپشن مہنگائی ،بے روزگاری کراچی کی تباہی کرنے والوں کے خلاف ریفرنڈم تھا آپ نے ثابت کر دیا کہ آپ اب چوروں ملک لوٹنے والوں کراچی کو نظر انداز کرنے والوں سے چھٹکارہ چاہتے ہیںکراچی کے عوام نے فیصلہ سنادیا کہ کراچی سے ڈاکو راج کے خاتمے کا دن ہے۔ جماعت اسلامی صرف شہروں کی نمائندہ نہیں بلکہ سندھ اور پنجاب کے دیہاتوں کی بھی نمائندہ ہے۔8فروری کے دن ترقی کے نشان ترازو پر مہر لگائیں، ہم تمام اسٹیک ہولڈرز سے مل کر مہنگائی،بد امنی اور بے روزگاری کے خلاف متحد کریں گے۔ جلسہ میں مرد وخواتین، بچے، بزرگ، نوجوان، طلبہ و اساتذہ، علماء کرام، تاجر برادری، مزدور، وکلاء، ڈاکٹرز، انجینئرز، سول سوسائٹی و اقلیتی کمیونٹی کے نمائندے اور جماعت اسلامی کے منتخب بلدیاتی نمائندے و قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواران شامل تھے۔سراج الحق نے تقریر کے اختتام پر جلسہ کے شرکاء سے کھڑے ہو کر عہد لیا کہ 8فروری تک ترازوکی کامیابی کے لیے جدوجہد کریں گے۔ 8فروری کو ظلم و جہالت،،بد امنی، بے روزگاری کے خلاف اورڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے ترقی کے نشان ترازو پر مہر لگائیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ آراوز اور ڈی آراوز سن لیں کہ آج کراچی کے عوام نے جماعت اسلامی کو فتح دے دی ہے۔8فروری کے دن نتائج تبدیل کیے تو آراوز اور ڈی آراوز کے دفتر کا گھیراؤ کریں گے۔آئندہ آنے والے دنوں میں سب مل کر 25لاکھ فون کال کریں اوراپنے رشتہ داروں، عزیز و اقارب، دوست واحباب اور دفتر میں کام کرنے والوں سب کو ترازو پر مہر لگانے کا پیغام دیں۔وزیر اعلیٰ نے انٹرمیڈیٹ کے طلبہ و طالبات کا 2دن میں مسئلہ حل نہیں کیا تو وزیر اعلیٰ ہاؤس پر احتجاج کریں گے۔ سراج الحق نے مزیدکہاکہ جماعت اسلامی اقتدار میں آئے گی کرپٹ لوگوں کااحتساب کرے گی۔آٹا مافیا، شوگر مافیا،بجلی مافیا کا احتساب کرے گی۔ پاکستان کی تینوں بڑی پارٹیوں نے منشور پیش کیا،وہی پرانہ منشور پیش کیا کہ پاکستان کو نواز دو۔پاکستان کو نواز کی ضرورت نہیں بلکہ امن، روزگار، صحت و صفائی کی ضرورت ہے۔پاکستان کو ان لوگوں کی ضرورت نہیں جنہوں نے باری بار ی ملک اور قوم کو لوٹا ہے۔نواز شریف اپنے بیانیے سے توبہ کرگئے ہیں اور ووٹ کو عزت دو کا نعرہ بھول گئے۔پاکستان میں پانچ دریا، 25کھرب ڈالرکا کوئلہ موجود، تیز ہوائیں موجود اس کے باوجود بجلی اور توانائی کے لیے بیرون ملک سے معاہدے کیے گئے ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہاکہ کراچی کو اس کا مالیاتی حق دے دو یہاں کے بچوں کو تعلیم دے دو تو حکمرانوں کو دنیا بھر میں کشکول لے کر نہیں پھرنا پڑے گا۔کراچی والے 96نشستوں کی طاقت جماعت اسلامی کو دے دیں،ہم 312ارب روپے کا تعلیم کا بجٹ کراچی پر خرچ کریں گے۔کراچی کے عوام کے لیے ہیلتھ کارڈ بھی لگائیں گے، اسپتالوں کو بھی ٹھیک کریں گے، ماڈل اسکولز بھی بنائیں گے۔آج تین تلوار پر پی ٹی آئی کے جلسے پر شیلنگ کی گئی جس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ہم اپنی انتخابی مہم میں اہل غزہ و فلسطین کو نہیں بھولیں گے،فلسطین فلسطینیوں کا ہے، اسرائیل ناجائز ریاست ہے، دو ریاستی حل کی بات کرنے والوں اور امریکہ و اسرائیل کی مذمت اور حماس کی حمایت نہ کرنے والو ں کو عوام مسترد کردیں گے۔وڈیرہ شا ہی مافیا شہر پر مسلط ہوگیا ہے جو ہمارے بچوں کو پڑھنے نہیں دے رہا،انہیں آگے نہیں بڑھنے دیا جا رہا۔ جماعت اسلامی انٹر میڈیٹ کے طلبہ و طاطالبات کے ساتھ ہے اور ساتھ مل کر جاگیرداروں اور وڈیروں سے لڑیں گے۔انٹر میڈیٹ کے طلبہ وطالبات کے امتحانی پرچے کی ری چیکنگ کی جائے اورانہیں ان کا حق دیا جائے۔قومیت کا نعرہ لگانے اور شناخت دینے والے بتائیں کہ 35سال میں مہاجروں اور بہاریوں کو کیا دیا۔ایم کیو ایم نے کراچی کے عوام کی سوداگری کی ہے۔ایم کیوا یم کے پھٹے ہوئے غباروں میں اب ہوا نہیں بھری جاسکتی۔