• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ، احمد حسن نے پاکستان کو فتح دلادی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئی سی سی انڈر19ورلڈ کپ کرکٹ کے سپر سکس مرحلے میں پاکستان نے آئرلینڈ کو سخت مقابلے کے بعد تین وکٹ سے زیر کرلیا۔ یہ ٹورنامنٹ میں اس کی چوتھی کامیابی ہے، وہ واحد ٹیم ہے جو کوئی میچ نہیں ہاری ہے۔ پاکستان نے ہدف38گیندیں پہلے سات وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔ میچ 17 سالہ احمد حسن کیلئے یادگار رہا، انہوں نے میچ وننگ اننگز کھیلی اور دو وکٹ بھی لیے ۔ انہوں نے 72گیندوں پر57 ناٹ آؤٹ رنز سات چوکوں کی مدد سے بنائے ۔ علی اسفند9 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ ہفتے کو دوسرے راؤنڈ میں دوسرا میچ پاکستان کا میچ بنگلہ دیش سے ہوگا۔ پوچیفسٹروم میں منگل کو پاکستان انڈر 19 کے کپتان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔ پاکستانی بولروں نے ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا، آئرلینڈ کی 3 وکٹیں صرف 30 رنز پر گرگئی تھیں۔ آئرلینڈ انڈر 19 کی پوری ٹیم 18ویں اوور میں 181 رنز پر آل آؤٹ ہوئی۔ جوہن میکنلی 53 رنز بنا کر نمایاں بیٹر رہے، پاکستان انڈر 19 کے عبید شاہ 3 وکٹوں کے ساتھ سر فہرست رہے جبکہ علی رضا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ عبید شاہ ورلڈکپ میں مجموعی طور پر 12 وکٹیں حاصل کرنے والے نمبر ون بولربن گئے ہیں۔ جواب میں پہلی بار پاکستانی بیٹنگ کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ شامل حسین نے سات، شاہ زیب خان11، ازان اویس21، کپتان سعد بیگ25، عبید شاہ8، ہارون ارشد 25 اور ارسلان منہاس نے تین رنز بنائے۔ایک اور میچ میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو باآسانی214 رنز سے شکست دی۔ بھارت نے8 وکٹ پر295رنز بنائے ۔ مشیر خان نے126 گیندوں پر131 رنز بنائے اور ٹورنامنٹ میں اپنی دوسری سنچری بنائی۔ انہوں نے دس رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو بھی آؤٹ کیا۔ جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 29ویں اوور میں81 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

اسپورٹس سے مزید