• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان کی سزا کا معاملہ الیکشن پر اثر انداز نہیں ہونا چاہیے، قائم علی شاہ

خیرپور(غلام عباس بھنبھرو)سابق وزیراعلیٰ سندھ اور پی ایس26کے پیپلز پارٹی کے امیدوار سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو سزا عدالت نے دی ہے ،ان کی سزا کا معاملہ الیکشن پر اثرانداز نہیں ہونا چاہیے، الیکشن مقرر تاریخ پر ہونا چاہیے، وہ خیرپور لقمان میں الیکشن آفس کے افتتاح کے بعد جاوید پٹھان کی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو دی گئی سزا کے معاملے پر ہم کچھ نہیں کہیں گے، یہ عدالت کا معاملہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ الیکشن8فروری کو ہونے چاہیے، امن و امان کا جواز بناکر الیکشن کو ملتوی نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ منتخب حکومتیں ہی مسائل حل کرتی ہیں ،چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا میاب جلسے کر رہے ہیں، بلاول بھٹو ملک گیر سطح پر الیکشن جیتیں گے اور وزیراعظم بنیں گے ۔انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی نے مسلسل15برس سندھ پر حکمرانی کی جس کے نتیجے میں سندھ میں بڑی ترقی ہوئی، تاریخی کام ہوئے، چوتھی بار حکومت بناکر سندھ کو ملک کا مثالی اور تاریخی صوبہ بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف طویل عرصہ ملک سے باہر رہے ہیں، ان کو سندھ کی ترقی کے متعلق کچھ معلوم نہیں ۔انہوں نے کہاکہ جو طویل عرصہ ملک سے باہر رہتا ہے، ان کو اپنے ملک کی صحیح خبریں نہیں ملتی، پیپلز پارٹی نے سندھ کی ترقی پر خصوصی توجہ دی ہے، 8فروری کو چوتھی بار کامیابی حاصل کر کے حکومت بنائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ووٹر پیپلز پارٹی کو ووٹ دیکر کامیاب کریں ،ہم سندھ سے غربت کا خاتمہ کریں گے اور بےروزگاروں کو روزگار دیں گے ۔ الیکشن آفس کے افتتاحی تقریب میں بڑی تعداد میں معززین اور شہری شریک ہوئے شریک ہونے والوں میں مظہر علی منگنہار لالا ،ساجن پٹھان، گل خان ، پرویز مغل، کریم جت اور دیگر شامل تھے۔
ملک بھر سے سے مزید