• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کہا گیا فیصلہ جلدی میں ہوا، 2 سال سے تو قوم تماشا دیکھ رہی ہے، مریم نواز

نارووال( این این آئی) مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ دوسروں کو چورکہنے والے آج خودچور ثابت ہوگئے ‘آج چاروں طرف مکافات عمل کے شاہکار نظر آتے ہیں، بانی پی ٹی آئی کی بیوی کے جیل جانے پر خوش نہیں ہوں‘کہاجارہاہے جلدی جلدی میں یہ مقدمہ چلا، جلد بازی میں فیصلہ کیا گیا، تو میں عوام سے پوچھنا چاہتی ہوں کہ جلدی میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے؟ ڈیڑھ دو سال سے تو یہ تماشا پوری قوم ٹی وی اسکرین پر دیکھ رہی ہے‘جب پولیس عدالت لینے آتی تھی تو زمان پارک سے پٹرول بموں سے حملہ کرتے تھے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ظفر وال میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف سازش کرنے والے گھروں کو چلے گئے ‘جتنی سازشیں کیں، جتنا انتقام لیا، جتنا ظلم کیا، ایک ایک کرکے سب اپنے اپنے انجام کو پہنچے‘یہ مکانافات عمل کے سوا کچھ نہیں۔پرسوں عمران خان کوقومی سلامتی سے کھیلنے اور قومی رازافشاکرنے پر 10سال سزا ہوئی ‘ آج اس کی بیوی کو سزا ہو گئی‘یہ لوگوں کو چور چور کہتے رہے، اللہ نے ان سب لوگوں کو سرخرو کردیا اور یہ پورے خاندان سمیت چور ثابت ہوا ہے۔ بشری بی بی کے اوپر توشہ خانہ سے ہیرے جواہرات، ہیروں کے سیٹ، گھڑیاں لے کر چوری کرکے بیچنے کا الزام تھا جو آج ثابت بھی ہوگیا۔ جو آج ٹی وی پر بیٹھ کر کہہ رہے ہیں کہ ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا، وہ بتائیں کیوں نہیں ہوناچاہیے تھا؟۔ اگر کوئی وزیراعظم چوری کرتا ہے اور اگر کوئی وزیراعظم کی بیوی چوری کرتی ہے تو کیا اس لیے اس کو چھوٹ دی جائے اور قانون حرکت میں نہ آئے کہ وہ وزیراعظم ہے یا وزیراعظم کی بیوی ہے؟۔

اہم خبریں سے مزید