لاہور(نمائندہ جنگ) مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کے قریب ہوتا تو جیلیں نہ کاٹتا،آج ن لیگ کی مقبولیت پھر بڑھ رہی ہے،سیاست کو داؤ پر لگا کر پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا،عوام کو یقین ہے کہ نواز شریف قوم کی تقدیر بدلیں گے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان انتخابات کے فائنل مرحلے میں داخل ہوچکا ہے، 8 فروری کو عوام ووٹ کے ذریعےاپنی تقدیر کا فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو سیاسی، معاشی اور خارجی چیلنجز کا سامنا ہے، ہمیں اس بات کا احساس ہے کہ پاکستان کو جس مقصد کیلئے بنایا گیا وہ پورا نہیں ہوسکا، پاکستانی قوم میں بے پناہ پوٹینشل ہے، حالات درست سمت میں ہوں تو شبانہ روز محنت کرکے چیلنجز پر قابو پاسکتے ہیں ۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ ماضی سے سبق سیکھنے کی ضرورت ہے، اپنے ذاتی مفادات اور اختلافات سے بالاترہوکر آگے بڑھنے میں ہی کامیابی ہے، 2018 میں آرٹی ایس کو سوچے سمجھے پلان کے تحت بٹھایاگیا ، آر ٹی ایس بٹھانے کے باوجود ہم جیت چکے تھے۔