کراچی ( اسٹا ف رپورٹر)ہاکی پاکستان کا قومی کھیل ہے لیکن عدم توجہ کے سبب ماضی میں ملک کو تمام بڑے عالمی اعزازت دلانے والا کھیل زبوں حالی کا شکار ہے۔ قومی ٹیم کو عالمی مقابلوں میں پے درپے شکستوں کا سامنا ہے جبکہ ہاکی فیڈریشن مسلسل فنڈز کی کمی کی شکار ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے گزشتہ کئی ماہ سے اپنے ملازمین کو تنخواہوں سے محروم رکھا ہوا ہے۔ پی ایچ ایف ترجمان کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے اکاؤنٹ کی بندش کے باعث ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی میں مشکلات کا سامنا ہے، پی ایچ ایف کو حکومت کی جانب سے فنڈز ریلیز نہیں ہوئے۔ پی ایچ ایف ذرائع کا کہنا ہے کہ موجود دور میں ایک ماہ کی تنخواہ کے بقایا جات ہیں، باقی لگ بھگ 5 ماہ کے بقایا جات پچھلے دور کے ہیں، موجودہ انتظامیہ کے ذمہ تقریباً 8 کروڑ روپے کی ادائیگیاں باقی ہیں۔ لاہور اور کراچی میں ملازمین کو تنخواہیں نہ ملنے کی وجہ سے شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ سینئر اور جونیئر ہاکی ٹیموں کے کھلاڑیوں کو واجبات کی ادائیگی نہ ہونے کی وجہ سے کڑے مسائل کا سامنا ہے، ملازمین کے گھروں میں کسمپرسی کے ڈیرے ہیں، وہ شدید پریشانی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ، انہوں نے جلد واجبات ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ بیمار ملازمین کے پاس علاج معالجے تک کے پیسے نہیں، پی ایچ ایف کا ملازم حال ہی میں دل کے عارضے میں مبتلا ہوا ہے۔ کپتان عماد شکیل بٹ نے اولمپکس کوالیفائنگ راؤنڈ میں شرکت کے بعد ڈیلی الاؤنسز کی ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے۔