کراچی (اسٹاف رپورٹر/جنگ نیوز) وشاکا پٹنم میں جمعہ کو شروع ہونے والے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں بھار ت نے پہلے روز چھ وکٹ پر 336 رنز بنائے۔ اوپنر جیسی وال 179 رنز پر ناقابل شکست ہیں۔ انہوں نے257گیندوں کا سامنا کیا،17 چوکے اور 5 چھکے لگائے۔ بھارت نے مڈل آرڈر بیٹر سرفراز خان کو ٹیسٹ کیپ دینے سے گریز کیا اور ان پر رجیت پٹیدار کو ترجیح دی۔ دوسری جانب انگلینڈ نے پاکستانی نژاد اسپنر شعیب بشیر کو ٹیسٹ کی دی۔ بھارتی مضبوط بیٹنگ لائن میں کوئی اور بیٹر نصف سنچری بھی نہ بناسکا۔ کپتان روہت شرما 14، شبمن گل 34، شر یاس ایئر 27 ، رجیت پٹیدار 32 اور اکشر پٹیل27 رنز اسکور کرسکے۔ انگلینڈ کی جانب سےڈیبیو اوپنر شعیب بشیر نے 100 رنز دے کر 2 اور ریحان احمد نے بھی 61 رنز دے کر 2 وکٹیں لیں۔انگلینڈ نے اپنی ٹیم میں صرف ایک فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن کو شامل کیا، جبکہ ان کا ساتھ دینے کیلئے تین اسپیشلسٹ اسپنر ریحان احمد،شعیب بشیر اور ٹام ہارٹلی ہیں، جو روٹ بھی پارٹ ٹائم اسپنر کے کردار میں ہیں۔انہوں نے بھی اینڈرسن کے ساتھ بولنگ کا آغاز کیا۔