کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی) کے حلقہ پی بی 46 سے امیدوار علی نواز لہڑی مسلم لیگ (ق) کے امیدوار عبدالشکور مری کے حق میں غیرمشروط طور پر دستبردار ہوگئے جبکہ این اے 264 پر مسلم لیگ (ق) بی این پی (عوامی) کے امیدوار فاروق لہڑی کی حمایت کرے گی ۔ اس بات کا اعلان بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی) کے مرکزی رہنما ڈاکٹر ناشناس لہڑی اور مسلم لیگ (ق) کے رہنما عبدالشکور مری نے جمعہ کو کوئٹہ پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا ۔ بی این پی (عوامی) کے مرکزی رہنما ڈاکٹر ناشناس لہڑی نے کہا کہ بلوچستان کی سیاسی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے بی این پی (عوامی ) نے ہم خیال سیاسی جماعتوں اور قائدین کے ساتھ سیٹ ایڈ جسٹمنٹ کے نتیجے میں پارٹی نے علی نواز لہڑی کو پاکستان مسلم لیگ (ق) کے نامزد امیدوار عبدالشکور مری کے حق میں غیرمشروط طور پر دستبردار کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔