• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مری کے تمام راستے اور شاہراہیں ٹریفک کیلئے کھلی ہیں، ڈپٹی کمشنر

راولپنڈی،مری(نمائندگان جنگ،سٹاف رپورٹر) مری میں بارش اور برفباری کا ایک اور سلسلہ شروع ہونے پرضلعی انتظامیہ کی جانب سے تمام محکمے پہلے سے الرٹ ہیں اور مقامی آبادی اور سیاحوں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے پیشگی انتظامات کر لئے گئے ہیں۔ ڈی سی مری آغا ظہیر عباس شیرازی کا کہنا ہے کہ اس وقت تمام راستے اور شاہراہیں ٹریفک کیلئے کھلی ہیں سیاحوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے کسی قسم کی کوئی رکاوٹ نہیں۔ سیاح ٹریفک مینجمنٹ پلان پر عملدرآمد کے لئے ٹریفک پولیس اور انتظامیہ کا ساتھ دیں اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری ایڈوائزری پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ کنٹرول روم سے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے تمام شاہراہوں کی نگرانی کا عمل جاری ہے،کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں تمام ہیلپ لائنز اور نمبرز پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔دریں اثناء سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے ملکہ کوہسار مری میں ممکنہ برف باری کے پیش نظر سیاحوں کے لئے ایڈوائزری جاری کر دی ۔ اس سلسلے میں چیف ٹریفک آفیسر تیمورخان نے کہا ہے کہ مری آنے والے سیاحوں کو تمام انٹری پوائنٹس پر آگاہی پمفلٹس تقسیم کئے جا رہے ہیں۔ مری کی موجودہ صورتحال اور ممکنہ برف باری کے پیش نظر سیاح اچھی اور مکمل فٹ گاڑی کا انتخاب کریں، صرف لائسنس ہولڈر ڈائیور کوداخلے کی اجازت دی گئی ہے،مری جانے والے سیاح گاڑی میں اینٹی کولنگ لیکوئڈ کا استعمال لازمی کریں ۔ برفباری کے دوران گاڑی کے ٹائروں پر چین کا استعمال کریں اوراپنے ساتھ اضافی گرم کپڑے رکھیں،سی ٹی اونے ہدایت کی کہ دوران ڈرائیونگ گاڑی کے شیشے مکمل بند نہ رکھیں اس سے کاربن مونو آکسائیڈ پیدا ہوتی ہے جو جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔ سیاح غلط پارکنگ سے اجتناب کریں ۔مری میں محدود پارکنگ کی گنجائش ہے،سیاح ٹریفک پولیس کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے ون سائیڈڈ پارکنگ کریں تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رہے۔
اسلام آباد سے مزید