• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف ہاریں گے تو کہیں گے مجھے کیوں بلایا، بیرسٹر گوہر

اسلام آباد (خبر نگار) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ بلاول اور شہباز ایک دوسرے کو مناظرے کے چیلنج دے رہے ہیں ، مناظرہ کرنا ہے تو ہمارے ساتھ عوام کی عدالت میں مناظرہ کرو ، فیصلہ عوام کرینگے نوازشریف ہاریں گے تو کہیں گے مجھے کیوں بلایا۔

 گزشتہ روز این اے 10 بونیر کے علاقہ تورورسک میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی کابینہ شہباز شریف نے اپنے دور میں بنوائی۔ 

معیشت کو سب سے زیادہ تباہی سے دوچار پی ڈی ایم کی حکومت نے کیا، پی ڈی ایم کے دور میں پاکستانی کرنسی تاریخ کی بدترین تنزلی کا شکار ہوئی،پاکستان کا سب سے زیادہ نقصان پی ڈی ایم کے دور میں ہوا، شہباز شریف اور بلاول مناظرے کا چیلنج دینے کی بجائے عوام کا سامنا کرنے کی جرات کریں اور ان سے پوچھیں کہ ووٹ کس کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کہہ رہے ہیں کہ وہ آزاد امیدواروں کیساتھ حکومت بنائینگے، بلاول کو سمجھ نہیں کہ یہ آزاد امیدوار نہیں بلکہ عمران خان کی ٹائیگر فورس کا حصہ ہیں جو ان کیساتھ ہمیشہ کھڑے رہیں گے، کل عمران خان نے کہا میں ڈیل کروں گا تو صرف پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور جمہوریت کیلئے کروں گا

 بشریٰ کیلئے بنی گالہ کو سب جیل قرار دینے کا فیصلہ کسی ڈیل کا حصہ نہیں، مولانا فضل الرحمن کو کہنا چاہتا ہوں ہم آپکی عزت مذہب کی وجہ سے کرتے ہیں لیکن اصولوں کی سودے بازی کسی صورت قبول نہیں۔

 8تاریخ کو حکومت میں آنے کی خواہش فضل الرحمن کی آخری خواہش کا آخری دن ثابت ہو گا۔ آئندہ انہیں کوئی نشست نہیں ملے گی۔

اہم خبریں سے مزید