کراچی (اسٹاف رپورٹر ) کراچی اور اندرون سندھ میں گٹکا ماوا مافیا، جرائم پیشہ افراد کی سرپرستی کے الزام میں سندھ پولیس کے 56؍ افسران اور اہلکاروں کو برطرف ، جبری ریٹائر اور دیگر نوعیت کی سزائیں دی گئی ہیںجس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس کے اعلیٰ افسران نے کراچی اور اندرون سندھ سے تعلق رکھنے والے 56؍ افسران و اہلکاروں کے خلاف نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس میں ان افسران و اہلکاروں پر مختلف نوعیت کے الزامات عائد کئے گئے ہیں جس کے تحت چند افسران و اہلکاروں کو نوکری سے برطرف، جبری ریٹائرمنٹ اور دیگر نوعیت کی سزائیں دی گئی ہیں ۔ کراچی میں گٹکا ماوا ، جرائم پیشہ افراد کی سرپرستی کے الزام میں سابق ایس ایچ او بلال کالونی آفتاب احمد عباسی ،سابق ایس ایچ اوکلاکوٹ امتیاز احمد جبکہ کانسٹیبل طارق، محمد شیر جنگ، محمد سرفراز شاکر حسین ،ساجد محمود قریشی اور کانسٹیبل مظہر حیات کونوکری سے برطرف کردیا گیا۔