• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیکشن کمیشن کا این اے 127 لاہور پیپلز پارٹی آفس حملے کا نوٹس

اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سیکرٹری ڈاکٹر سید آصف حسین نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی ہدایت پر حکومت پنجاب کے چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان کو 4فروری کو ڈی او لیٹر بھیجا ہے جس میں چیف سیکرٹری سے تھانہ کوٹ لکھپت کی حدود میں پاکستان پیپلز پارٹی کے این اے 127کے دفتر پر حملے کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس آپریشنز لاہور کی طرف سے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کو پیش کی گئی ابتدائی رپورٹ پر الیکشن کمیشن میں غور کیا گیا ہے اور الیکشن کمیشن نے واقعہ میں ملوث ملزمان کیخلاف قانون کے تحت سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے۔ آپ سے درخواست ہے کہ اس معاملے میں فوری کارروائی کی جائے اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کو آگاہ کیا جائے۔ ڈی او لیٹر میں چیف سیکرٹری کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سیکرٹری سید آصف حسین نے لکھا ہے کہ پاکستان کے الیکشن کمیشن (ای سی پی) کو 2024ء کے عام انتخابات کے انعقاد اور اُن کا انتظام کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے اور ساتھ ہی یہ یقینی بنانا ہے کہ انتخابات دیانت دارانہ‘ غیر جانب دارانہ اور منصفانہ کرانے کے ساتھ ساتھ قانون کے مطابق ہوں اور بدعنوانیوں کو روکا جائے۔ آئین کے آرٹیکل 220کے مطابق تمام ایگزیکٹو حکام کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر کی اُنکی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں مدد کریں۔
اہم خبریں سے مزید