بینونی (جنگ نیوز)دفاعی چیمپئن بھارت نے سخت مقابلے کے بعد جنوبی افریقا کو ہراکر مسلسل پانچویں بار انڈر 19کرکٹ ورلڈکپ کے فائنل میں جگہ بنالی۔ ہوم سائیڈ کے خلاف32پر چار وکٹ گنوانے کے بعد کپتان ادے سہارن اور سچن داس نے 171 رن کی میچ وننگ شراکت قائم کی۔ بھارت نے پہلی بار ہدف کے تعاقب کا فیصلہ کیا تھا۔ ادے سہارن نے 81 اور سچن داس نے 96 رنز بنائے۔ پروٹیز نے پہلے کھیلتے ہوئے سات وکٹ پر 244 رنز اسکور کیے تھے۔ لہان ڈی پریٹوریئس 76، رچرڈ سلیسٹوان 64 اور یوآن جیمز 24 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ بھارت نے ہدف سات گیند قبل آٹھ وکٹ کھو کر حاصل کرلیا۔ دوسرا سیمی فائنل جمعرات پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔