کراچی(اسٹاف رپورٹر) فاسٹ بولر شاہنواز دھانی کی عمدہ بولنگ نے پریذیڈنٹ ٹرافی کے فائنل میں ایس این جی پی ایل کی واپڈا کے خلاف پوزیشن مستحکم کردی ۔ شاہنواز دھانی نے اپنے فرسٹ کلاس کیریئر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے 42 رنز دے کر 7 وکٹیں حاصل کیں جس کی وجہ سے واپڈا کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں صرف 140 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ اس طرح ایس این جی پی ایل کو پہلی اننگز میں 339رنز کی برتری حاصل ہوگئی ۔ایس این جی پی ایل نے دوسری اننگز میں 5 وکٹوں پر121 رنز بناکر اپنی مجموعی برتری460رنز تک پہنچادی تھی۔پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پانچ روزہ فائنل کے دوسرے دن واپڈا کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 140 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ کپتان افتخار احمد نے چار چوکوں کی مدد سے 52 رنز اسکور کیے۔ عمر اکمل 28 رنز بناپائے۔ اس سے قبل دھانی کی بہترین بولنگ 40 رنز دے کر6 وکٹیں تھی جو انہوں نے اسی ٹورنامنٹ میں اسٹیٹ بینک کے خلاف حاصل کی تھیں۔میرحمزہ نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ وکٹ کیپر حسیب اللہ نے چار کیچز کیے۔ ایس این جی پی ایل نے اپنی دوسری اننگز میں 5 وکٹوں پر 121 رنز بنائے تھے۔