کراچی (نیوز ایجنسی، نیوز ڈیسک) سندھ، پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں کے تقریبا نتائج سامنے آگئے، سندھ اسمبلی کی تمام نشستوں کے نتائج الیکشن کمیشن کے ای ایم ایس سسٹم پر موصول ہوگئے، غیر حتمی نتائج کے مطابق پی پی 84نشستوں کیساتھ صوبے کی سب سے بڑی جماعت، ایم کیو ایم پاکستان 28 نشستوں کیساتھ دوسرے، 14نشستوں پر آزاد امیدوار، جی ڈی اے اور جماعت اسلامی 2، 2 نشستوں پر کامیاب قرار پائیں، پنجاب میں غیر حتمی نتائج کے مطابق 138آزاد ، ن لیگ 137 ، پی پی کی 10 نشستیں، کے پی میں 91آزاد کامیاب، بلوچستان میں پی پی 11کیساتھ آگے۔ الیکشن کمیشن کو موصول نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی 84 نشستوں کے ساتھ سب سے آگے ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان 28 نشستیں جیت کر دوسرے نمبر پر رہی۔ نتائج کے مطابق عام انتخابات میں سندھ اسمبلی کی نشستیں جیتنے والے آزاد امیدواروں کی تعداد 14 ہے۔ جی ڈی اے اور جماعت اسلامی 2 ، 2 سیٹیں جیتنے میں کامیاب رہیں۔الیکشن کمیشن نے سندھ اسمبلی کے 130 حلقوں کے فارم 47 جاری کردئیے۔ پنجاب اسمبلی کی 297 میں سے 296 نشستوں کے نتائج کا اعلان بھی کردیا گیا، پنجاب میں آزاد امیدوار 138 نشستوں کے ساتھ سرفہرست ہیں جبکہ مسلم لیگ ن 137 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، اسی طرح پاکستان پیپلز پارٹی 10 نشستوں کے ساتھ تیسرے، مسلم لیگ ق 8 نشستوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہی، غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق استحکام پاکستان پارٹی، تحریک لبیک پاکستان اور پاکستان مسلم لیگ ضیا ایک ایک نشست پر حاصل کرسکیں، الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق پنجاب اسمبلی کی نشست پی کے 266 رحیم یار خان پر امیدوار کے انتقال کے باعث انتخابات ملتوی کیے گئے۔ خیبرپختونخوا اسمبلی کی تمام 113 نشستوں میں سے 91 پر آزاد امیدوار کامیاب، الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ غیرحتمی نتائج کے مطابق جمیعت علمائے اسلام نے 7 اور مسلم لیگ (ن) نے 5 نشستیں حاصل کیں، پیپلزپارٹی نے 4، جماعت اسلامی نے 3، پاکستان تحریک انصاف (پارلیمنٹرین) نے 2 اور عوامی نیشنل پارٹی ایک نشست حاصل کرسکی، دو حلقوں پی کے 22 پر آزاد امیدوار ریحان زیب خان کے قتل اور پی کے 91 پر امیدوار کے انتقال کے سبب انتخابات ملتوی کر دیئے گئے تھے۔