راولپنڈی ( آن لائن ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کو اڈیالہ جیل سے رہا کر دیاگیا، ان کا کہنا ہے کہ مجھے صرف دوستی نبھانے پر سزا دی گئی ہے۔شیخ رشید کی جانب سے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کے بعد انہیں رہا کیا گیا راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے مقدمات میں شیخ رشید کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔اڈیالہ جیل سے رہائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میں جیل میں تھا ، مجھے کچھ پتہ نہیں ملک میں کیا ہو رہا ہے۔یہ میرا تیسرا چلہ ہے،میں نے الیکشن کمپین میں حصہ نہیں لیا۔مجھے کچھ معلوم نہیں کہ اس وقت کیا ہو رہا ہے۔میں نے صرف اپنی دوستی نبھائی ہے کیونکہ میں پنڈی کا سپوت ہوں میرے خون میں غداری شامل نہیں ہے۔