بینونی (جنگ نیوز) آسٹریلیا کرکٹ میدانوں میں بھارت کے پیچھے ہی پڑگیا۔ اس نے ٹھان لی ہے کہ بھارت کو کوئی بڑی آئی سی سی ٹرافی جیتنے نہیں دینی۔آسٹریلیا کی کرکٹ پر حکمرانی مکمل ہوگئی، عالمی ٹیسٹ چیمپئن شپ اور سینئر ورلڈکپ کے بعد کینگروز جونیئرز نے انڈر 19کرکٹ ورلڈکپ فائنل میں بھی بھارت کو شکست دے دی۔ آسٹریلیا نے چوتھی مرتبہ انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ جیتا ہے ۔ چار فاسٹ بولرز پر مشتمل بولنگ اٹیک بھارت کیلئے تباہ کن ثابت ہوا۔ ناکام ٹیم کی بیٹنگ لائن میں شامل ابھرتے ہوئے اسٹارز کوئی مزاحمت نہ کرسکے۔ آسٹریلیا کو اس سے قبل 2012 اور 2018 کے ورلڈکپ فائنلز میں بھارت کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ یہ ان کا 2010کے بعد اس سطح پر پہلا ٹائٹل ہے۔ آسٹریلیا نے آخری بار مچل مارش کی قیادت میں انڈر 19 عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ اتوار کو فائنل میں آسٹریلیا نے بھارت کو 79 رنز سے ہرادیا ۔ 254رنز کے تعاقب میں بھارتی ٹیم 174 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ جنوبی افریقہ کے شہر بینونی میں کھیلے گئے ایونٹ کے اس فائنل مقابلے میں آسٹریلیا کا پہلا کھلاڑی تو بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگیا، لیکن پھر بیٹرز نے اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 7 وکٹوں پر 253 رنز بناڈالے۔ آسٹریلیا انڈر19 کی طرف سے ہرجاس سنگھ 55 ، ہیو ویبگن نے 48 ، اولیور پیک نے 46 اور اوپنر ہیری ڈکسن نے 42 رنز کی اننگز کھیلی۔ راج لمبانی 38رنز کے عوض تین وکٹ لے کر کامیاب ترین بولر رہے، نمن تیواڑی نے دو وکٹ لیے۔ 254رنز کے تعاقب میں بھارتی انڈر19ٹیم شروع ہی سے مشکل میں دکھائی دی۔ اس کی پہلی وکٹ 3رنز پر گری اور پھر وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں، بھارتی ٹیم 174 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔ اوپنر آدرش سنگھ 47، مشیر خان 22اور مروگن ابھیشیک42رنز کے ساتھ ہی کچھ مزاحمت کرسکے۔ 115رنز پر سات وکٹ گرچکے تھے۔ اس موقع پر ابھیشیک اور نمن تیواڑی نے46 رنز کی پارٹنر شپ قائم کرکے اسکور کو کچھ بہتری فراہم کی۔ نمن تیواڑی 14رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے ماہلی بیئرڈمین اور رام میک ملن نے تین تین اور کیلم وڈلر نے دو وکٹ لیے۔بیئرڈمین میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ جنوبی افریقا کے کوینا مافاکے ٹورنامنٹ میں 21 وکٹ کے ساتھ پلیئر آف ٹورنامنٹ رہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ 12 ماہ میں بھارت کی کسی بھی آئی سی سی ایونٹ فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف یہ تیسری ناکامی ہے۔