کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی کر کٹ ٹیم کے بیٹسمین لاہور قلندرز کے اوپننگ بیٹر فخر زمان نے کہا ہے کہ دو بار سپر لیگ ٹائٹل جیتا ہے، ذہن میں یہی ہے کہ ہیٹ ٹرک کریں ، کوشش کریں گے کہ جس طرح گزشتہ دو سیزن میں کھیلے ہیں ویسے ہی کھیلیں، قومی ٹیم کا معاملہ الگ ہے لیکن پی ایس ایل میں اوپننگ ہی کرنا چاہوں گا۔ لاہور میں بات چیت میں انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کیلئےتیاری اچھی چل رہی ہے، کیمپ اس لیے لگتا ہے کہ جو نئے کھلاڑی آتے ہیں ان کے ساتھ مل لیں، لاہور کراچی کا ٹاکرا ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی ہوتا ہے اور یہی کھیل کی خوبصورتی ہے، ٹائٹل جیتنے کے باوجود کراچی سے ہارنے پر کھلاڑی بھی آپس میں بات کرتے ہیں ۔ پی ایس ایل 9 کیلئے راشد خان کی غیر موجودگی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ سمجھنا کہ ر اشد خان کے نہ ہونے سے نقصان نہیں ہو گا تو یہ غلط ہو گا، راشد خان دنیا کا بہترین بولر ہے، ان کی کمی پوری کرنے کی کوشش کریں گے۔ انڈر19 ٹیم میں پاکستان کے تینوں فاسٹ بولر اچھے تھے، دیکھنا ہوگا کہ وہ اگلے 3 ، 4 سال خود کو کیسے رکھتے ہیں، پی ایس ایل میں میرا گول ہے کہ بہترین بیٹر بنوں اور ہماری ٹیم جیتے۔ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اوپنرز ہی بیٹنگ میں ٹیمپو بناتے ہیں، اوپننگ میں سیم بلنگز کی کمی محسوس کریں گے مگر ہمارے باقی کھلاڑی بھی اچھے ہیں، بطور پروفیشنل کھلاڑی کسی بھی نمبر پر کھیلنے کے لیے تیار ہوں۔