راج کوٹ (جنگ نیوز) بھارت کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے خلاف راج کوٹ ٹیسٹ سے قبل مزید پریشانی کا شکار ہوگئی، کے ایل راہول گھٹنے میں تکلیف کی وجہ سے اس میچ سے بھی باہر ہو گئے ہیں۔ ان کی جگہ دیو دت پاڈیکل کو متبادل کے طور پر بلایا گیا ہے۔ پیر کی شام بی سی سی آئی کی ایک ریلیز میں کہا گیا کہ راہول 90 فیصد تک فٹ ہوچکے ہیں، وہ چوتھے اور پانچویں ٹیسٹ کے لیے ری ہیب کررہے ہیں ۔ خیال رہے کہ ویرات کوہلی پہلے سے ہی ذاتی وجوہات کی وجہ سے سیریز سے باہر ہیں ۔ سیریز ایک ایک سے برابر ہے۔ دوسری جانب انگلش ٹیم ابوظبی میں اہل خانہ کے ساتھ وقت گذارنے کے بعد راج کوٹ پہنچ گئی ہے۔ اسے سیریز میں اپنے اسپنرز پر بھروسہ ہے، مہمان ٹیم نے پہلے میچ میں ٹام ہارٹلی کے شاندار بولنگ کی بدولت فتح حاصل کی تھی۔ تاہم جیک لیچ انجرڈ ہوکر سیریز سے باہر ہوچکے ہیں۔پانچ میچوں پر مشتمل سیریز کا تیسرا ٹیسٹ میچ 15 سے 19 فروری تک سوراشٹرا کرکٹ ایسوسی ایشن سٹیڈیم، راجکوٹ میں کھیلا جائے گا۔