اسلام آ باد ( رانا غلام قادر ) جماعت اسلامی اور استحکام پا کستان پارٹی کے سر بر اہوں نے الیکشن کے نتائج میں پارٹی کی ناکامی کو قبول کرتے ہوئے پارٹی عہدے چھوڑ کر نئی جمہوری مثال قائم کردی ۔ استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے چیئرمین جہانگیر ترین نے پارٹی چیئرمین شپ اور سیاست دونوں سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا اعلان کردیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ میں ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اس الیکشن میں میری حمایت کی اور میں اپنے حریفوں کو بھی مبارکباد دیتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ میں پاکستانی عوام کی مرضی کا بے پناہ احترام کرتا ہوں لہٰذا میں نے بطور چیئرمین آئی پی پی اپنے عہدے سے مستعفی ہونے اور سیاست سے یکسر کنارہ کشی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اللہ کے فضل و کرم سے میں ذاتی حیثیت میں اپنی صلاحیت کے مطابق اپنے ملک کی خدمت کرتا رہوں گا۔