لاہور(نمائندہ جنگ)مسلم لیگ( ن ) کے قائد نواز شریف نے جمعیت علماء اسلام( ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے درمیان بدھ کو ملاقات متوقع ہے ،جے یو آئی ذرائع کے مطابق نواز شریف نے مولانا فضل الرحمٰن کو فون کیا، دونوں نے ملک کی سیاسی صورتحال اور حکومت سازی کے حوالے سے مشاورت کی ،دونوں رہنماؤں کی جلد ملاقات متوقع ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف نے فضل الرحمٰن سے حکومت سازی کیلئے تعاون کی درخواست کی، جس پر جے یو آئی سربراہ نے اپنی جماعت سے مشاورت کے بعد جواب دینے کی یقین دہانی کرائی، تاہم اس موقع پر نوازشریف اور فضل الرحمٰن نے ملک کو معاشی بحران سے نکالنے پر اتفاق کیا۔ معلوم ہوا ہے کہ مرکز میں حکومت سازی کیلئے مسلم لیگ( ن) کی کوشیش تیز ہوچکی ہیں اور اس مقصد کیلئےنواز شریف اور ن لیگ کی چیف آرگنائزر مریم نواز کی آج اسلام آباد روانگی متوقع ہے، جہاں سابق وزیر اعظم مرکز میں حکومت سازی کیلئے مسلم لیگ( ق )کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین اور دیگر اتحادی جماعتوں کی قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔