کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا ہےکہ ن لیگ پنجاب میں کارکردگی کا فرق دکھائے گی،تحریک انصاف کے سینئر رہنما علی محمد خان نے کہا کہ انتخابی نتائج سے ن لیگ کو اپنی زندگی کا سب سے بڑا سرپرائز ملا ہے،علی امین گنڈا پور پارٹی کے صدر ہیں خیبرپختونخوا میں پچھلے پانچ چھ ماہ پارٹی کو بہت اچھا چلایا ہے، علی امین گنڈاپور نے لوگوں کے جذبات کنٹرول میں رکھے ، پارٹی کو زندہ بھی رکھا مگر کوئی دوسرا نو مئی نہیں ہونے دیا، علی امین گنڈا پور نڈر، دلیر ،بہادر اور سمجھدار آدمی ہیں، علی امین گنڈا پور جاب پر آئیں گے ان کی صلاحیتیں بھی سامنے آئیں گی، علی امین گنڈا پور نے بطور وزیر خیبرپختونخوا میں پانچ سال اور مرکز میں چار سال کام کیا، علی امین گنڈا پور کے کریڈٹ میں کشمیر میں کورٹ بنانا اور گلگت بلتستان میں مشکل حالات میں الیکشن جیت کر حکومت بنانا ہے، مسلم لیگ ن کی سینئر رہنما مریم اورنگزیب نے کہا کہ شہباز شریف کو وزیراعظم کیلئے نامزد کرنا نواز شریف کا فیصلہ ہے، نواز شریف پیچھے رہ کر شہباز شریف اور مریم نواز کی معاونت کرسکتے ہیں، ن لیگ کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا کہ منقسم مینڈیٹ نے سولہ ماہ مخلوط حکومت کرنے والوں پر بھاری ذمہ داری ڈال دی ہے، سولہ ماہ حکومت کرنے والے اتحاد کے پاس اس وقت 160سے زائد نشستیں ہیں، پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدواروں کی تعداد 95 ہے، سادہ اکثریت کیلئے 134 ایم این ایز درکار ہیں، پی ٹی آئی کے پاس ابھی بھی 40نشستوں کا خسارہ ہے، پی ٹی آئی کے حکومت بنانے کے دعوے کھوکھلے ہیں۔