راولپنڈی (این این آئی)تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ان انتخابات سے سیاسی استحکام نہیں آ سکتا‘بلاول بھٹو کس منہ سے مسلم لیگ ن کے ساتھ اتحاد کریں گے۔اڈیالہ جیل میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جو جماعتیں پی ٹی آئی کو توڑ کر بنائی گئیں ان کے لیے شرمندگی ہے۔آئین کے ساتھ کھلواڑ ہوا ہے، چیف جسٹس تحقیقات کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ قیدِ تنہائی میں رکھا گیا ہے، انتخابات کے بعد بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں ہوئی۔تمام جماعتیں جن کامینڈیٹ چرایا گیا ہے وہ اکٹھی ہو جائیں، میری بیٹی 14 ہزار کی لیڈ سے جیت رہی تھی، ایک دم رزلٹ آنا بند ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ لنگڑی لولی حکومت بنا بھی لی تو چل نہیں سکے گی‘انتخابات کی ساکھ صفر فیصد ہے‘اگر حکومت بن بھی گئی تو قوم اسے قبول نہیں کرے گی۔