اسلام آباد(ایجنسیاں)تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر شیر افضل مروت نے دعوی کیا ہے کہ آصف زرداری نے گزشتہ روز مجھ سے رابطہ کر کے ہمارے ساتھ حکومت سازی کا عندیہ دیتے ہوئے کہاہے کہ جو آپ کی سیٹیں ہیں وہ قانونی عمل سے واپس لے لیں ‘ہم اعتراض نہیں کریں گے۔ بدھ کو میڈیا سے گفتگو میں انہوںنے کہاکہ آصف زرداری درمیان کے لوگوں کے ذریعے ان سے رابطے کرتے رہے۔یہ پیش رفت بانی پی ٹی آئی کے نوٹس میں لاؤں گا۔شیر افضل مروت نے کہا کہ آصف زرداری نے کل مجھ سے رابطہ کیا اور ن لیگ کے بجائے ہمارے ساتھ حکومت سازی کا عندیہ دیا‘ علی امین گنڈا پورتحریک انصاف کی ترجمانی کریں گے‘پورے ملک میں مسلم لیگ ن پانچ حلقے جیتی ہے‘ نواز شریف وکٹری اسپیچ کیسے کر سکتے ہیں‘ الیکشن کے نام پر نو فروری کوپاکستان کی سالمیت کے ساتھ کھیلا گیا ‘ الیکشن کمیشن سے انصاف کی کوئی توقع نہیں ہے جو لوگ جعلی مینڈیٹ حاصل کر کے حکومت بنائیں گےتحریک انصاف اپنا مینڈیٹ ان کے حلق سے نکال لے گی۔