• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرکٹ ٹیموں، میچوں کو VVIP سٹیٹس، سیکورٹی دینے کیلئے کمیٹی قائم

لاہور(آصف محمود بٹ) پنجاب کابینہ کی کیبنٹ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر نے انٹرنیشنل کرکٹ ٹیموں ، کھلاڑیوں اور پی ایس ایل میچوں کو وی وی آئی پی سٹیٹس اور سیکورٹی دینے کا فیصلہ کرنے کے لئے 10رکنی سب کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ یہ فیصلہ ٹیموں اور کھلاڑیوں کو وی وی آئی پی سٹیٹس دینے کے بعد سیکورٹی پر آنے والے کروڑوں روپے کے اخراجات کو کم کرنے کے لئے کیا گیا ہے۔ ’’جنگ‘‘ کو ملنے والی دستاویزات کے مطابق کمیٹی کے سربراہ کیبنٹ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر کے سربراہ منصور قادر ہونگے، ممبران میں صوبائی وزیر ہائوسنگ اظفر علی ناصر ، لاہور، ملتان اور راولپنڈی کے کمشنر ، سی سی پی او لاہور، آر پی او ملتان، آر پی او راولپنڈی، ایڈیشنل سیکرٹری (انٹرنل سیکورٹی) محکمہ داخلہ اور چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی شامل ہیں۔ ٹی او آرز کے مطابق سب کمیٹی اگلی کرکٹ سیریز میں انٹرنیشنل اور قومی پلئیرز کو دیئے گئے وی وی آئی پی سٹیٹس اور تمام کرکٹ ایونٹس کے سیکورٹی ماڈل کا از سر نو جائزہ لے گی۔ کمیٹی پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذمہ بقایا واجبات کلئیر کرنے کے علاوہ آئیندہ تمام میچوں پر آنے والے اخراجات کے لئے حکومت پنجاب اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے درمیان کاسٹ شئیرنگ میکنزم بھی ترتیب دے گی۔ کمیٹی کی ریگولر میٹنگز ہونگی جن میں وہ مذکورہ ٹی او آرز کی روشنی میں اپنی سفارشات میٹنگ کے بعد 14 روز کے اندر محکمہ داخلہ پنجاب کے ذریعے کابینہ کی کیبنٹ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر کو پیش کرے گی۔

ملک بھر سے سے مزید