ملتان(سٹاف رپورٹر) سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل کی زیر صدارت ایگریکلچر سیکرٹریٹ میں ملتان ڈویژن کی فروٹ و سبزی منڈیوں کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب نے کہا کہ سبزی و فروٹ منڈیوں میں قائم کسان پلیٹ فارمز پر کاشتکاروں کو ہر قسم کی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ وہ باآسانی براہ راست اپنی زرعی اجناس فروخت کرسکیں۔ انہوں نے مارکیٹ کمیٹی کے افسران کوتنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی علاقے میں غیر رجسٹرڈ منڈی قائم ہوئی تو متعلقہ آفیسر کیخلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے مزید کہا کہ عوام کو سبزی و فروٹ منڈیاں سستی اور معیاری اشیائے خوردونوش کی فراہمی کا بہترین ذریعہ ہیں۔ اس مقصد کے حصول کے لئے تمام افسران زرعی منڈیوں میں اجناس کی نیلامی کی روزانہ کی بنیاد پر خود مانیٹرنگ کو یقینی بنائیں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔