• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عرب ممالک نے امریکا کو اپنی سرزمین استعمال کرنے سے روکدیا

کراچی (نیوز ڈیسک) متحدہ عرب امارات سمیت کچھ عرب ممالک، مشرق وسطیٰ میں ایرانی پراکسیز پر جوابی فضائی حملوں کیلئے امریکا کو اپنی سرزمین استعمال کرنے سے روک رہے ہیں۔ امریکا نے طویل عرصہ سے متحدہ عرب امارات، کویت، قطر، اومان اور دیگر ملکوں میں اپنے ہزاروں فوجی تعینات کر رکھے ہیں، تاہم اکتوبر میں حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ کے بعد سے عرب ممالک کی جانب سے امریکا کی فوجی سرگرمیوں میں اس کی مدد کو سخت تنقیدی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔ امریکی جریدے پولیٹیکو کی رپورٹ کے مطابق، حماس اور اسرائیل کے درمیان جاری اس تنازع کی وجہ سے عرب حکومتوں کو اپنے عوام میں پائی جانے والے غم و غصے کا احساس ہے۔ امریکا کو فوجی سرگرمیوں کیلئے اپنی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہ دینا اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ عرب ممالک ایران کو ناراض نہیں کرنا چاہتے۔ یہ خبر کہ کچھ عرب ممالک امریکا کو فوجی مقاصد کیلئے اپنی سرزمین استعمال کرنے سے روک رہے ہیں؛ ایک امریکی عہدیدار نے دی ہے جو کانگریس میں مشیر بھی ہیں۔ اس کے علاوہ، دو مغربی عہدیداروں نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے۔ تاہم، معاملے کی حساسیت کی وجہ سے انہوں نے نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست کی۔ امریکی عہدیدار کے مطابق، غزہ میں بڑھتے جانی نقصان کو دیکھتے ہوئے کئی عرب ممالک، بالخصوص وہ جو ’’ایران کے ساتھ معاملات بہتر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،‘‘ امریکا اور اس کے پارٹنرز پر اپنی سرزمین کے استعمال میں زیادہ سے زیادہ پابندیاں عائد کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ امریکا عراق، شام اور بحیرہ احمر میں حملوں کے خلاف کارروائیاں کرنا چاہتا ہے۔
اہم خبریں سے مزید